کوئٹہ: پولیس موبائل کے قریب دھماکا، 2 اہلکاروں سمیت 4 افراد جاں بحق، 15 زخمی

کوئٹہ: پولیس موبائل کے قریب دھماکا، 2 اہلکاروں سمیت 4 افراد جاں بحق، 15 زخمی


بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں پولیس موبائل کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 2 اہلکاروں سمیت 4 افراد جاں بحق جب کہ 15 افراد زخمی ہوگئے۔

ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ ذوہیب محسن نے جائے وقوع کا دورہ کیا اور موقع پر موجود پولیس افسران سے تفصیلات حاصل کی۔

کیپٹن(ر) ذوہیب محسن نے بتایا کہ شاہراہ اقبال پر کھڑی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، دھماکا خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔

ایس ایس پی آپریشن کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 4 افراد جاں بحق جب کہ 15 شہری زخمی ہوئے۔

ایس ایس پی آپریشن نے بتایا کہ زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال منتقل کیا گیا جن میں 2 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

کیپٹن (ر) ذوہیب محسن نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکے میں 3 سے 4 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا، دھماکے کے باعث پولیس وین سمیت 2 دیگر گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل ضلع کچلاک کے علاقے کلی اسپائن میں نامعلوم عسکریت پسندوں کے حملے میں 2 پولیس اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوا تھا۔

نشانہ بنائے گئے پولیس اہلکار وں کا تعلق ایگل اسکواڈ سے تھا، اہلکار موٹر سائیکل پر گشت کر رہے تھے کہ حملہ آوروں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

ڈی آئی جی کوئٹہ غلام اظفر مہیسر نے تصدیق کی کہ پولیس اہلکاروں کو دہشت گردوں نے نشانہ بنایا۔


اپنا تبصرہ لکھیں