کوئٹہ: نصیر آباد کے علاقے نوتال میں پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے ایک مبینہ دہشت گرد کو ہلاک کردیا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق کالعدم تنظیم کےکارندوں کی موجودگی کی اطلاع نوتال کے ایک کمپاؤنڈ سے موصول ہوئی جس کے بعد پولیس اہلکاروں کی بھاری نفری طلب کی گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز اور مسلح افراد میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک جب کہ دو فرار ہوگئے تاہم فرار ہونے والے دہشت گردوں کی تلاش جاری ہے۔
سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے مبینہ دہشت گرد کی شناخت شکراللہ کے نام سے ہوئی جو ضلع بولان کے علاقے چھلگری اور فتح پور درگاہ پر خودکش حملوں کا سہولت کار تھا۔
دہشتگردوں کے کمپاؤنڈ سے دھماکاخیز مواد، خودکش جیکٹ، کلاشنکوف، پستول اور بڑی مقدار میں اسلحہ برآمد ہوا ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق کمپاؤنڈ اور اطراف کی گلیوں کو چیک کرلیا گیا ہے جس کے بعد علاقے کو کلیئر قرار دے دیا ہے۔