کوئٹہ کے نواحی علاقے اسپین کاریز کی کوئلہ کان کے 4 ملازمین کو اغوا کرلیا گیا پولیس کے مطابق اغوا کا واقعہ رات گئے پیش آیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اغوا کیے گئے ملازمین میں ایک انجنئیر اور تین کان کن بھی شامل ہیں، اغوا ہونے والوں میں دو کاتعلق چکوال ایک کا صوابی اور ایک مظفر آباد سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوئلہ کان ملازمین کے اغوا کا مقدمہ ہنہ اوڑک تھانے میں درج کرلیا گیا۔
اس سے قبل بلوچستان میں اس طرح کے واقعات پیش آچکے ہیں، گزشتہ سال جنوری میں صوبہ بلوچستان کے علاقے مچھ میں فائرنگ سے 11 کان کن جاں بحق اور متعدد زخمی کردیا گیا تھا۔
پولیس حکام نے ابتدائی طور پر بتایا تھا کہ مسلح افراد نے مچھ کوئلہ فیلڈ میں کام کرنے والے کان کنوں کو اغوا کیا اور قریبی پہاڑی علاقوں میں لے گئے جہاں ان پر فائرنگ کی۔
پولیس نے بتایا تھا کہ فائرنگ کے نتیجے میں متعدد کان کن زخمی ہوئے تھے، جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جن کی حالت تشویشناک تھی۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر بولان مراد کاسی نے بتایا تھا کہ نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 11 کان کن جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ 4 زخمی ہیں۔
واقعے کے بعد پولیس، ایف سی اور انتظامیہ کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی تھی جبکہ قریبی کوئلہ کانوں کے مزدور جمع ہوگئے تھے اور انہوں نے مطالبہ کیا کہ فائرنگ کے واقعے میں ملوث افراد کو گرفتار کیا جائے۔