کان کنوں اور کوئلے سے بھرے ٹرکس پر مسلح افراد کے حملوں اور انہیں نذر آتش کیے جانے کے خلاف بلوچستان کے کچھ حصوں میں کان کنوں اور مالکان کے احتجاجی دھرنے کے باعث دکی اور دیگر علاقوں کی کوئلے کی کانوں سے پنجاب سمیت دیگر صوبوں کو کوئلے کی سپلائی معطل ہوگئی۔
مظاہرین نے دکی و دیگر کول فیلڈ ایریاز کو پنجاب اور ملک کے دیگر صوبوں سے ملانے والی مرکزی شاہراہوں کو رکاوٹیں لگا کر بند کر دیا۔
دکی اور ہرنائی کے علاقوں میں کان کنوں کے احتجاج کرنے والے مالکان نے شکایت کی کہ کان کنوں اور پنجاب میں کوئلہ لے جانے والے ٹرکوں پر حملے روز کا معمول بن چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حالیہ فائرنگ کے واقعات کے بعد ہمارے پاس کانوں کو بند کرنے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے، ہم نے پنجاب کو کوئلے کی سپلائی روک دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت سے بار بار اپیل کرنے کے باوجود کان مالکان اور مزدوروں کے تحفظ کے لیے کوئی انتظامات نہیں کیے گئے۔
تقریباً دو ماہ قبل مسلح افراد نے کوئلے سے لدے 10 ٹرکس روک کر نذر آتش کر دیے تھے۔
مکمل حفاظتی انتظامات کا مطالبہ کرتے ہوئے مظاہرین نے اعلان کیا کہ جب تک ان کے مطالبات پورے نہیں ہوتے، وہ مرکزی شاہراہ پر دھرنا جاری رکھیں گے جب کہ احتجاج کے باعث بڑی تعداد میں کوئلے کے ٹرک پھنسے ہوئے ہیں۔
دوسری جانب حکام نے دعویٰ کیا کہ مقامی انتظامیہ حالیہ حملوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی پوری کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت، کان کنوں اور مالکان کو بہترین ممکنہ سیکیورٹی فراہم کرے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فائرنگ کے واقعات کے بعد علاقے میں ایف سی اور لیویز کے اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔