کندھ کوٹ: ڈاکوؤں کی بس پر فائرنگ، 3 افراد زخمی، ایک مسافر اغوا

کندھ کوٹ: ڈاکوؤں کی بس پر فائرنگ، 3 افراد زخمی، ایک مسافر اغوا


صوبہ سندھ کے ضلع کشمور کے شہر کندھ کوٹ کے قریب انڈس ہائی وے پر ڈاکوؤں نے مسافر کوچ پر فائرنگ کردی جس سے 3 افراد زخمی ہوگئے جب کہ ڈاکو ایک مسافر کو اغوا کرکے فرار ہوگئے۔

ڈاکوؤں نے مسافر کوچ کو غوث پور کے قریب نشانہ بنایا۔

سندھ پولیس ذرائع کے مطابق ڈاکو کوچ کے ایک مسافر کو اغوا کرنے کے بعد فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمی شہریوں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے فوری طور پر کندھ کوٹ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچی اور واردات کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ کے وسط میں سندھ کےکچے کے علاقے میں کندھ کوٹ کے قریب ڈاکوؤں نے اسکول ٹیچر اللہ رکھیو نندوانی کو شہید کردیا تھا، وہ خطرے کے باوجود بچوں کو پڑھانےکے لیے اسکول پہنچتے تھے۔

اللہ رکھیو نندوانی گوٹھ نصراللہ بجارانی میں واقع پرائمری اسکول میں موٹر سائیکل پر اپنی بندوق لےکر جاتے تھے، چند روز قبل مقتول ٹیچرکی اپنی حفاظت کے لیے بندوق لیکر جانے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔

ان کے قتل کی خبروں کے دوران ہی سندھ کے شہر شکار پور کے گاؤں رستم کے قریب سے چوکیدار سمیت مزید 2 افراد کو اغوا کیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں