کم عمر افراد کو یومیہ 60 منٹ ٹک ٹاک استعمال کرنے تک محدود رکھنے کا اعلان

کم عمر افراد کو یومیہ 60 منٹ ٹک ٹاک استعمال کرنے تک محدود رکھنے کا اعلان


دنیا کی سب سے مقبول سوشل ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک نے اب تک کا زبردست فیچر جلد متعارف کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے فیچر سے کم عمر افراد یومیہ صرف ایک گھنٹے تک ہی ایپلی کیشن کا استعمال کرنے کے قابل ہوں گے۔

اس وقت ٹک ٹاک سمیت دنیا کی کوئی بھی ایپلی کیشن یا ویب سائٹ ایسی نہیں ہے جو 18 سال سے کم عمر افراد کو اسکرین کم استعمال کرنے کی اجازت دینے کی پابند ہو۔

تاہم اب ٹک ٹاک نے اعلان کیا ہے کہ جلد ہی ایپ پر ایسا بائی ڈیفالٹ فیچر پیش کیا جائے گا، جس کے تحت 18 سال سے کم عمر افراد کے اکاؤنٹ کو یومیہ صرف ایک گھنٹے یعنی صرف 60 منٹ تک ایپ استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ٹک ٹاک انتظامیہ نے تصدیق کی کہ مذکورہ فیچر جلد پیش کردیا جائے گا، جس کے بعد دنیا بھر کے کم عمر افراد کے اکائونٹ دن میں صرف 60 منٹ تک ہی چلائے جا سکیں گے۔

رہورٹ کے مطابق ایک گھنٹے کا وقت مکمل ہونےکے بعد صارف کے پاس پاپ اپ ونڈو میں پیغام آئے گا کہ صارف کو دیا گیا وقت مکمل ہوچکا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ تاہم مذکورہ فیچر کے تحت ابتدائی طور پر 18 سال سے کم عمر کے بچے چاہنے پر ایپلی کیشن کے استعمال کا وقت 60 منٹ سے بڑھا کر 100 منٹ تک کر سکیں گے۔

رپورٹ کے مطابق تاہم بعد ازاں تمام 18 سال سے کم عمر صارفین کو یومیہ صرف 100 منٹ تک ہی ایپلی کیشن استعمال کرنے کی اجازت ہوگی، مگر انہیں اختیار ہوگا کہ وہ اپنی مرضی سے ایپ کو استعمال کرنے کے وقت کا تعین کریں۔

اسی طرح ٹک ٹاک نے ایپلی کیشن پر والدین کی نگرانی کو بڑھانے کے لیے بھی چند نئے فیچر پیش کرنے کا اعلان کیا، جن کے تحت والدین اپنے بچوں کی ٹک ٹاک ایپ سے وہ مواد ہٹا سکیں گے جس سے متعلق ان کا خیال ہوگا کہ وہ ان کے بچوں کے لیے خراب ہے۔

اسی فیچر کے تحت والدین کو ایپلی کیشن کے فیچر میں بطور والدین اپنی تصدیق کرنی ہوگی، جس کے بعد ایپلی کیشن پر ان کے بتائے گئے نامناسب مواد کو بلاک کردیا جائے گا اور بچوں کے چاہنے کے باوجود بلاک کیے گئے مواد کو نہیں کھولا جائے گا۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ مذکورہ فیچرز جلد ہی ٹک ٹاک پر پیش کردیے جائیں گے جب کہ مذکورہ فیچرز کو ماہرین صحت، والدین اور زائد العمر افراد اچھا قرار دیتے ہوئے ایپلی کیشن انتظامیہ کی تعریفیں کر رہے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں