واشنگٹن: شمالی کوریا کے اعلیٰ ترین سرکاری افسر کم یونگ چول واشنگٹن پہنچ گئے جہاں وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور کم جانگ ان کی ملاقات کے سلسلے میں مذاکرات کریں گے۔
جنوبی کوریا کے ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کوریا کے ٹاپ آفیشل کم یونگ چل بیجنگ سے واشنگٹن کے لیے روانہ ہوئے جہاں وہ آج امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات کریں گے۔
مائیک پومپیو اور شمالی کوریا کے اعلیٰ ترین افسر کے درمیان ملاقات واشنگٹن کے ایک مقامی ہوٹل میں ہوگی جس کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور کم جانگ ان کی ملاقات کی حتمی تاریخ پر بات چیت ہوگی۔
دونوں ممالک کی جانب سے اب تک ملاقات کے حوالے سے کسی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کئی بار کہہ چکے ہیں کہ وہ کم جانگ ان سے ملاقات کریں گے اور دونوں ممالک کے درمیان تناؤ کے باوجود ٹرمپ انہیں کئی خطوط بھی لکھ چکے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال جون میں دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان سنگاپور میں ملاقات ہوئی تھی جس کے نتیجے میں شمالی اور جنوبی کوریا کے سربراہان نے بین الاقوامی مبصرین کی موجودگی میں خطے کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے پر اتفاق کیا اور باقاعدہ طور پر ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے۔