’کل سے کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ختم کردی جائے گی‘


کراچی:  گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہےکہ کل سے کراچی میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردیا جائے گا۔

گورنر ہاؤس کراچی میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے عمران اسماعیل کی سربراہی میں اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر اسد عمر، فردوس شمیم، حلیم عادل، آفتاب صدیقی، میئر کراچی وسیم اختر اور کے الیکٹرک کے حکام شریک ہوئے جب کہ چیئرمین نیپرا نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

وڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے کوشاں ہیں: گورنر سندھ

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لیے کوشاں ہیں اور حکومتی کوششوں سے کل سے کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کردیا جائے گا۔

کے الیکٹرک کو گیس سپلائی بڑھا دی: اسد عمر

اس موقع پر اسد عمر کا کہنا تھا کہ 2 سال بعد کراچی کو بجلی کی اضافی فراہمی 1350 میگاواٹ ہو جائے گی اور بجلی کی فراہمی میں ہر سال بتدریج اضافہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سوئی سدرن کی جانب سے کے الیکٹرک کو گیس سپلائی میں بھی اضافہ کیا گیا ہے اور کے الیکٹرک کو گیس کی فراہمی بڑھا کر 290 ملین کیوبک فٹ کی جارہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیپرا کراچی میں لوڈ شیڈنگ پر تین چار دن میں رپورٹ جاری کردے گا۔

واضح رہے کہ کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ پر کل نیپرا نے کھلی کچہری میں سماعت کی تھی جس میں کراچی سے پی ٹی آئی رہنما اور وکلا بھی شریک ہوئے تھے جب کہ سی ای او کے الیکٹرک نے لوڈشیڈنگ پر وضاحت پیش کی تھی۔


اپنا تبصرہ لکھیں