لاہور: نو تشکیل شدہ کورونا ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ (سی ای اے جی) نے اپنے پہلے اجلاس میں کلوروکوئن اور ہائیڈروکسی کلوروکوئن کے غیر ضروری استعمال کے حوالے سے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دوا سنگین مضر اثرات اور ری ایکشن کا باعث بن سکتی ہے۔
سی ای اے جی نے اپنے پہلے اجلاس میں موجودہ دستیاب شواہد کی بنیاد پر کووِڈ 19 کے پیشگی علاج کے لیے کلوروکوئن اور ہائیڈوکسی کلوروکوئن کے استعمال پر غور کیا۔
ایک عہدیدار نے کہا کہ سی سی اے جی نے اس قسم کی متعدد شکایات ملنے پر انتباہ جاری کیا کہ عوام کی اکثریت کورونا وائرس سے بچاؤ اور خودساختہ علاج کے طور پر اس کا استعمال کررہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سی ای اے جی نے سوشل میڈیا کے غیر نگران استعمال پر بھی برہمی کا اظہار کیا جہاں خودساختہ ڈاکٹرز خود ساختہ ادویات تجویز کررہے ہیں اور اجلاس میں کہا گیا کہ اگر اسے فوری طور پر نہ روکا گیا تو صحت کے حوالے سے ایک نئی تباہی مچ جائے گی۔
کمیٹی کی رائے یہ تھی کہ کووڈ19 کے پیشگی علاج کے کلوروکوئن اور ہائیڈروکسیکلوروکوئن تجویز کرنے کے سائنسی شواہد ناکافی ہیں۔
سی سی اے جی نے صوبہ پنجاب کے ہسپتالوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے والے صف اول کے ہیلتھ ورکرز کے تحفظ کے لیے رہنمائی بھی جاری کی۔
کمیٹی نے 3 سطح کی روک تھام کی معلومات جاری کی جس میں تشخیص سے قبل کی عمومی ہدایات، کورونا جنرل وارڈ اور آئیسولیشن وارڈش کے لیے ہدایات اور مریضوں کے علاج کے دوران پروفیشنلز کی جانب سے اختیار کی جانے والی ایچ ڈی یوز شامل ہیں۔
سی ای اے جی نے پنجاب میں تمام طبی مراکز پر کام کرنے والے عملے کے تمام اراکین کے لیے سرجیکل ماسکس کا استعمال لازم قرار دیا ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ وبائی امراض اور سانس کی تکالیف کے مریضوں کی او پی ڈی اور اینڈو اسکوپک ایگزامنیشن روم میں کام کرنے والے عملہ عام سرجیکل ماسک کے بجائے میڈیکل پروٹیکٹو ماسک (این 95) استعمال کرے۔
اس کے علاوہ سی ای اے جی نے مشتبہ اور مصدقہ مریضوں کے نمونے لیتے وقت لیول 3 کے تحفظ والی پروٹیکٹو اسکرین کا استعمال بھی لازم قرار دے دیا۔
نئی گائیڈ لائن میں بتایا گیا کہ ’این95 ماسکس کی مدت (ایک دن میں 8 گھنٹے کی ڈیوٹی اور 2 گھنٹے کے وقفے کے ساتھ) 8 دن ہے اگر وہ گندا نہ ہو اور ایک ہی شخص استعمال کرے۔
سی ای اے جی نے آپریشن تھیٹرز، مریضوں کے نمونے حاصل کرنے والے کمرے اور دیگر مقامات جہاں مشتبہ یا مصدقہ مریضوں کو رکھا جائے، کو بھی جراثیم سے پاک کرنے کی رہنما ہدایات جاری کیں۔
کمیٹی نے ہیلتھ پروفیشنلز اور ٹیچنگ اور دیگر اداروں کے سربراہان کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ان رہنما ہدایات پر سختی سے مکمل عمل کیا جائے۔