’کشمیر سے بہت دلچسپی ہے‘، اسریٰ بلجک کشمیر جانے کی خواہشمند


کراچی: 

 ترکی کی مقبول اداکارہ اسریٰ بلجک کا کہنا ہے کہ انہیں کشمیر کے متعلق جاننے میں بہت زیادہ دلچسپی ہے اور وہ اپنی دستاویزی فلم کے لیے کشمیر کا دورہ کرنے کی خواہشمند ہیں۔

ترک ڈراما سیریز ’’ارطغرل غازی‘‘ میں حلیمہ سلطان کا مرکزی کردار اداکرنے والی اداکارہ اسریٰ بلجک نے حال ہی میں ایک معروف پاکستانی میگزین کے لیے فوٹوشوٹ کروایا اور انٹرویو دیا ہے۔ اسریٰ کے فوٹو شوٹ کی تصاویر سوشل میڈیا پر بہت زیادہ وائرل ہورہی ہیں۔

اسریٰ بلجک نہ صرف ترکی کی معروف اداکارہ ہیں بلکہ قانون کی تعلیم حاصل کررہی ہیں ۔ وہ ایک دستاویزی فلم بنانے کا ارادہ بھی رکھتی ہیں اور اپنی فلم کے حوالے سے وہ پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہشمند ہیں۔ پاکستانی میگزین کو دئیے گئے انٹرویو میں اسریٰ بلجک نے کہا کہ انہوں نے فطرت کے حوالے سے دستاویزی پراجیکٹ لکھا ہے کہ کس طرح فطرت ہر طرح کے حالاتوں میں ہمیں ردعمل دیتی ہے۔

سریٰ بلجک نے اپنے پراجیکٹ کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ تباہ شدہ زرعی علاقوں، شہری علاقوں کے باعث برباد ہونے والے جنگلات اور جانوروں  کی رہائشگاہ جو مختصر وقت میں اپنی سابقہ زرخیز ریاستوں میں واپس آسکتے ہیں۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ہم قدرت کو کتنا نقصان پہنچاتے ہیں لیکن ہر بار جب بھی ہم قدرت کے پاس جاتے ہیں تو قدرت ہمیں گلے لگاتی ہے۔

اسریٰ بلجک نے مزید بتایا کہ میں ان گاؤں اور پہاڑی علاقوں میں جانا چاہتی ہوں جن کو قدرتی وسائل اور مالی مسائل کی وجہ سے مشکلات پیش آئیں۔ میں مقامی افراد کی مدد کرنا چاہتی، ان کی مشکلات سننا، ان کی تصاویر بنانا چاہتی ہوں اور دنیا بھر کو ان کی مشکلات سے آگاہ کرنا چاہتی ہوں۔ قرنطینہ کے دوران اپنی ٹیم کے ہمراہ ہم نے کچھ جگہوں کی نشاندہی کی ہے، میں اپنی تمام تیاری مکمل کرنا چاہتی ہوں اور فوٹوگرافی کی کچھ کلاسز کے بعد ڈاکیومنٹری پر اپنا کام شروع کروں گی۔

اسریٰ بلجک نے یہ بھی بتایا کہ وہ اپنے پراجیکٹ کے لیے پاکستان آنے کی خواہشمند ہیں۔ انہوں نے کہا مجھے امید ہے اس دستاویزی منصوبے کے ایک حصے کے طور پر میرا پہلا دورہ پاکستان کا ہوگا۔ میں جغرافیائی نقشے، پودوں اور غیر ملکی مقامات کی تصاویر بنانا چاہتی ہوں۔ مجھے بابوسر کاغان وادی کے پہاڑی علاقوں سے محبت ہے۔ اس کے علاوہ آزاد کشمیر کی لیپا وادی اور گلگت بلتستان کے دیوسائی علاقے میں کیمپ کا منصوبہ بھی ہے۔

اداکارہ حلیمہ سلطان نے کشمیر سے اپنی دلچسپی بتاتے ہوئے کہا کہ خطہ کشمیر  ان جگہوں میں سے ایک ہے  جس کے بارے میں جاننے میں مجھے بہت زیادہ دلچسپی ہے اور میں اپنے ڈاکیومنٹری پراجیکٹ  کے لیے کشمیر کے کچھ مقامات کا سفر کرنا اور انہیں جاننا چاہتی ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی طیارہ حادثے پر حلیمہ سلطان کا اظہار تعزیت

انٹرویو کے آخر میں اسریٰ بلجک نے ڈراماسیریل ’’ارطغرل غازی‘‘کو پاکستانیوں سے ملنے والی محبت کے بارے میں کہا کہ پاکستانیوں کی محبت کا شکریہ ادا نہیں کرسکتی۔ حلیمہ سلطان کا کردار مجھے انعام کی طرح ملا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں