کسی کو کہنے کا حق نہیں کہ میں اداکار ہوں تو اچھا مسلمان نہیں ہوسکتا، احسن خان


کراچی: پاکستانی اداکار احسن خان کا کہنا ہے کہ رمضان ٹرانسمیشن کے بعد انہیں احساس ہوا کہ ابھی تو اسلام کے بارے میں بہت کچھ سیکھنا باقی ہے۔

اداکار احسن خان دیگر شوبز ستاروں کی طرح رواں سال نجی ٹی وی چینل سے رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی کررہے ہیں۔ تاہم شوبز سے وابستہ افراد کا رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی کرنے کا موضوع ہمیشہ ہی سوشل میڈیا پرزیر بحث رہا ہے اور بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ اداکاروں کو رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی نہیں کرنی چاہئے۔

اسی حوالے سے ایک انٹرویو کے دوران احسن خان نے رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی کے تجربے کو بیان کرتے ہوئے اپنے دل کی باتیں کہیں۔ انہوں نے یاد کرتے ہوئے کہا کہ کس طرح رمضان ٹرانسمیشن کے بعد انہیں احساس ہوا کہ انہیں اسلام کے بارے میں ابھی مزید سیکھنا باقی ہے۔

احسن خان نے واضح کرتے ہوئے  کہا کہ رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ میں اسکالر بننے کی اداکاری کررہاہوں، بلکہ میں اسکالرز اورناظرین کے درمیان ایک پُل کاکام کرتا ہوں اور اسکالرز سے ایسے سوالات کرتا ہوں جس میں لوگوں کی دلچسپی ہوتی ہے۔

کئی لوگوں کی جانب سے شوبزفنکاروں پر رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی کرنے پر تنقید کرنے کے حوالے سے احسن خان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ سوچتے ہیں کہ میں ایک اداکار ہوں اسلیے اچھا مسلمان نہیں ہوں، لیکن کسی کو بھی میرا احتساب کرنے کا کوئی حق نہیں، میں ایسے لوگوں سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ انہیں یہ  سوچنےکا حق کس نے دیا کہ میں کیسا مسلمان ہوں۔ احسن نے کہا ہمیں لوگوں کی ذہنیت تبدیل کرنے اور زندگی کے ہرمعاملے میں لوگوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں