لاہور:
پی سی بی نے گذشتہ ماہ اقبال قاسم کی سربراہی میں نئی کرکٹ کمیٹی کا اعلان کیا تھا، اس کا پہلا اجلاس 19 فروری کو کراچی میں ہوگا،شرکت کیلیے قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق اور ڈائریکٹرڈومیسٹک کرکٹ ہارون رشید کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ محسن حسن خان کے مستعفی ہونے کے بعد عبوری طور پر کمیٹی کی سربراہی سنبھالی لیکن یہ خوش آئند امر نہیں تھا، اگر کمیٹی میں شامل 4 سے 5 افراد کا تعلق بورڈ سے ہو تو آزاد تصور نہیں کی جائے گی لہٰذا فیصلہ کرچکا تھاکہ مجھے زیادہ دیر یہ عہدہ نہیں رکھنا، اب ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان کمیٹی کے اجلاس کا انتظام کیا کریں گے اورمیں وہاں بطورغیرفعال رکن شرکت کروں گا، پی ایس ایل کے آغاز سے ایک روز قبل ہونے والے پہلے اجلاس میں مصباح الحق شرکت کریں گے۔
برطانوی ماہر اینڈی ایٹکنسن کی جانب سے رپورٹ پیش کرتے ہوئے ملک میں پچز کے معیار میں بہتری لانے کیلیے سفارشات تیار کی جائیں گی، وسیم خان نے کہاکہ تجربہ کار افراد پر مشتمل کرکٹ کمیٹی کی ذمہ داری چیئرمین پی سی بی کوکرکٹ معاملات پر سفارشات فراہم کرنا ہے۔