کرکٹ آسٹریلیا نے بھارتی بورڈ کے صدر سارو گنگولی کا موقف مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ٹیم کے لیے دو ہفتوں کا قرنطینا لازم ہوگا۔
کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکو نک ہوکیلی نے آسٹریلوی میڈیا سے ویڈیولنک پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی کھلاڑیوں کو بائیوسکیور ماحول میں ٹریننگ کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ آسٹریلوی سرزمین پر قدم رکھنے والوں کے لیے جہاز میں سوار ہونے سے پہلے کویڈ ٹیسٹنگ لازم ہے، اس کے بعد یہاں پر 14 روز کے قرنطینہ کے ایس اوپیز طے شدہ ہیں۔
نک ہوکیلی کا کہنا تھا کہ ہم مہمان ٹیم کے لیے اپنی وزارت ہیلتھ کے حکام کے ساتھ مل کر تمام احتیاطی تدابیر ممکن بنائیں گے، انگلینڈ کے ساوتھمپٹن اور اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر کی طرح ایڈیلیڈ میں ہوٹل موجود ہے جہاں ٹیم کو ٹھہرایا جاسکتا ہے، اس بات کے امکانات بہت کم ہیں کہ جب بھارتی ٹیم نے آسٹریلیا آنا ہے تو اس وقت تک ٹریول ایڈوائزری میں کچھ تبدیلی ہو۔
واضح رہے بھارتی بورڈ کے صدر سارو گنگولی نے کہا تھا کہ دو ہفتوں کے قرنطینہ کے حق میں نہیں، کھلاڑیوں کو کمروں تک محدود کردینا نامناسب ہوگا۔