کرسٹین اسٹیورٹ شہزادی ڈیانا بننے کو تیار


متنازع جنسی رجحانات کی وجہ سے خبروں کی شہ سرخیوں میں رہنے والی اداکارہ 30 سالہ کرسٹین اسٹیورٹ جلد ہی آنے والی فلم میں برطانوی شہزادی لیڈی ڈیانا کے روپ میں دکھائی دیں گی۔

برطانوی شہزادوں ولیم اور ہیری کی والدہ اور شہزادہ چارلس کی سابق اہلیہ لیڈی ڈیانا 1997 میں ایک کار حادثے میں چل بسی تھیں اور ان کی زندگی کو پہلے بھی چند فلموں میں دکھایا جا چکا ہے۔

لیڈی ڈیانا کی زندگی دنیا بھر کے لوگوں کے تجسس کا باعث رہی ہے اور دنیا بھر میں ان کے کروڑوں مداح ابھی تک ان کی زندگی کے حوالے سے کئی باتیں جاننے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

شوبز ویب سائٹ ڈیڈ لائن کے مطابق آسکر نامزد یافتہ چلی کے فلم ساز پابلو لارین لیڈی ڈیانا کی زندگی پر فلم بنائیں گے اور کروڑوں دلوں پر راج کرنے والی شہزادی کا کردار 30 سالہ اداکارہ کرسٹین اسٹیورٹ ادا کریں گی۔

پہلی بار کرسٹین برطانوی شہزادی کا کردار ادا کریں گی—فوٹو: شٹر اسٹاک

فلم کا نام لیڈی ڈیانا کے شاہی نام (اسپینسر) رکھا جائے گا اور فلم میں ان کی جانب سے شہزادہ چارلس سے علیحدگی اختیار کرنے اور شاہی زندگی کو ٹھکرانے کے فیصلے کو دکھایا جائے گا۔

فلم میں لیڈی ڈیانا کی موت کے واقعے کو نہیں دکھایا جائے گا، تاہم فلم میں ان کی جانب سے شہزادہ چارلس سے شادی کرنے کے فیصلے اور بعد ازاں انہیں چھوڑنے کے فیصلے کو دکھایا جائے گا۔

فلم ساز کے مطابق فلم کی کہانی میں دکھایا جائے گا کہ کوئی بھی خاتون جب اپنی ضد پر آتی ہے تو وہ شہزادیوں کی کہانیوں کو بھی بدل دیتی ہے اور وہ ملکہ بننے کو بھی تیار نہیں ہوتی۔

فلم ساز کے مطابق اسپینسر میں دکھایا جائے گا کہ کس طرح لیڈی ڈیانا کروڑوں دلوں پر راج کرنے اور شاہی زندگی گزارنے کے باوجود شاہانہ زندگی سے الگ ہونے کا فیصلہ کرتی ہیں۔

فلم میں لیڈی ڈیانا کو 2 کم عمر بچوں کی والدہ کے طور پربھی دکھایا جائے گا اور فلم میں شہزادہ ولیم اور ہیری کی ابتدائی زندگی کے چند سالوں کو بھی دکھایا جائے گا۔

فلم میں شہزادہ ولیم اور ہیری کا بچپن بھی دکھایا جائے گا—فائل فوٹو: اے ایف پی

پیکی بلنڈرز کی لکھی گئی اسپینسر کی کہانی کی فلمی تشکیل اسٹیون نائٹ نے دی ہے اور فلم کو پابلو لارین ہی پروڈیوس بھی کریں گے۔

فلم کی شوٹنگ آئندہ سال شروع کیے جانے کا امکان ہے اور ابھی یہ واضح نہیں کہ فلم کو کب تک ریلیز کیا جائے گا۔

فوری طور پر فلم کی دوسری کاسٹ یعنی فلم میں لیڈی ڈیانا کے شوہر شہزادہ چارلس کے کردار کا اعلان بھی نہیں کیا گیا اور نہ ہی فلم میں ملکہ برطانیہ کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ کا نام سامنے آ سکا ہے۔

کرسٹین اسٹیورٹ 20 سال میں 6 درجن کے قریب فلموں میں اداکاری کر چکیں—فوٹو: اے ایف پی

خیال کیا جا رہا ہے کہ آئندہ چند ماہ میں فلم کی دیگر کاسٹ کا اعلان کردیا جائے گا۔

ہم جنس پرستی سے روکنے کی کوشش کی گئی، کرسٹین اسٹیورٹ

فلم ساز نے لیڈی ڈیانا کے کردار کے لیے کرسٹین اسٹیورٹ کے انتخاب پر کہا کہ ان کے خیال میں اس وقت وہی لیڈی ڈیانا جیسی پراثر اور جسمانی طور پر طاقتو اداکارہ ہیں۔

خیال رہے کہ کرسٹین اسٹیورٹ نے کم عمری میں 2000 میں چائلڈ آرٹسٹ کے طور پر کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اب تک وہ 6 درجن کے قریب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔

کرسٹین اسٹیورٹ کو ان کی اداکاری کے باعث کئی ایوارڈز بھی دیے جا چکے ہیں اور وہ اپنی اداکاری سمیت اپنے جنسی رجحانات کی وجہ سے بھی خبروں میں رہتی ہیں۔

کرسٹین اسٹیورٹ نے کم عمری میں خود سے دگنی عمر کے فلم ڈائریکٹرز اور اداکاروں سے بھی رومانس کیا اور ان کے تعلقات خود سے زائد عمر خواتین سے بھی رہے۔

ابتدائی طور پر وہ جنس مخالف کی جانب راغب تھیں، تاہم 2015 کے بعد وہ ہم جنس پرستی کی جانب راغب ہوئیں اور ابتدائی طور پر بڑی عمر کی خواتین کے ساتھ ان کے تعلقات رہے اور بعد ازاں انہوں نے اپنی عمر خواتین کے ساتھ تعلقات استوار کرلیے۔

جنسی رجحانات پر تنقید کے بعد 2017 میں انہوں نے پہلی بار اپنے ہم جنس پرست ہونے کا اعتراف کیا تھا، تاہم بعد ازاں انہوں نے کہا تھا کہ وہ مرد حضرات کے ساتھ بھی تعلقات قائم رکھنا چاہتی ہیں۔

شاندار اداکاری کے باعث کرسٹین متعدد ایوارڈز جیت چکی ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی

اپنا تبصرہ لکھیں