عالمی شہرت یافتہ فٹبالرز کرسٹیانو رونالڈو اور لیونل میسی سے ان کے پرستاروں نے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف فلسطینیوں کی حمایت میں آواز اُٹھانے کا مطالبہ کر دیا۔
دنیا بھر میں لوگ اہم شخصیات سے فلسطینی شہریوں پر جاری مظالم کے خلاف آواز اٹھانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
کرسٹیانو رونالڈو اور لیونل میسی کے صرف انسٹاگرام پر ہی 1 ارب سے زائد فالوورز ہیں اور اگر ہم ان دونوں کے ایکس (ٹوئٹر) اور فیس بک اکاؤنٹس پر موجود فالوورز کی تعداد کو بھی گِن لیں تو یہ تعداد مزید بڑھ جائے گی، یہی وجہ ہے کہ لوگ چاہتے ہیں کہ وہ فلسطینیوں کے لیے آواز اپنی اٹھائیں اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو فلسطین کے معصوم لوگوں پر ہونے والے مظالم کے بارے میں پتہ چل سکے۔
کرسٹیانو رونالڈو نےجب فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر اپنی بیٹی کو سالگرہ کی مبارک باد دینے کے لیے ایک پوسٹ شیئر کی تو کچھ مداحوں نے فٹبالر کی بیٹی کو سالگرہ کی مبارک باد دیتے ہوئےاس کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا تو کچھ مداحوں نے رونالڈو سے مطالبہ کیا کہ فلسطین کی حمایت میں اپنی آواز اُٹھائیں۔
اسی طرح لیونل میسی کے مداحوں نے بھی ان کی حالیہ انسٹا گرام پوسٹ پر غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ سے متعلق اصل حقائق سامنے لانے کے لیے فلسطین کی حمایت میں آواز اُٹھانے کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ پر وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری ہے اور 7 اکتوبر سے اس جنگی جرائم پر مبنی بمباری سے شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 11 ہزار 500 ہو گئی ہے۔