کرتارپور راہداری کھولنے پر بھارتی اداکارہ عمران خان کی مشکور


وزیر اعظم عمران خان نے رواں ماہ 9 نومبر کو سکھ برادری کے مذہبی پیشوا باباگرونانک کے 550ویں جنم دن کے موقع پر کرتارپور راہداری کا افتتاح کرکے تاریخ رقم کی تھی۔

اگرچہ کرتارپور راہداری تقریب میں سابق بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ، سابق کرکٹر نوجوت سدھو اور اداکار سنی دیول سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی تھی اور انہوں نے بھی پاکستانی وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا تھا۔

تاہم اب ایک اور بھارتی اداکارہ نے کرتارپور راہداری کھولنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا ہے۔

بھارتی اداکارہ پونم کور نے کرتارپور راہداری کھولے جانے پر وزیر اعظم عمران کی تعریف کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس راستے سے سکھ برادری کے لوگ اپنے روحانی پیشوا کی زیارت کرنے آئیں گے۔

پونم کور نے فردوس عاشق اعوان سے ملاقات کی—فوٹو: ریڈیو پاکستان
پونم کور نے فردوس عاشق اعوان سے ملاقات کی—فوٹو: ریڈیو پاکستان

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق سکھ اداکارہ پونم کور نے اسلام آباد میں وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان سے ملاقات کے دوران کرتارپور راہداری کھولے جانے پر پاکستانی قدم کی تعریف کی۔

پونم کور کا کہنا تھا کہ راہداری کھولے جانے سے مذہبی ہم آہنگی کو فروغ ملے گا اور اس قدم سے سب سےزیادہ سکھ برادری مستفید ہوگی۔

ہونم کور کا مزید کہنا تھا کہ وہ پاکستان سے حسین یادیں لے کر بھارت جا رہی ہیں اور ساتھ ہی انہوں نے فردوس عاشق اعوان کا بھی شکریہ ادا کیا۔

پاکستان سے خوبصورت یادیں ساتھ لے کر جا رہی ہوں، اداکارہ—فوٹو: انسٹاگرام
پاکستان سے خوبصورت یادیں ساتھ لے کر جا رہی ہوں، اداکارہ—فوٹو: انسٹاگرام

ملاقات کے دوران فردوس عاشق اعوان نے پونم کور کو تحائف بھی پیش کیے اور کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیا ہے اور کرتارپور راہداری سے مذہبی ہم آہنگی میں اضافہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: کرتارپور راہداری کھلنے کے بعد واپسی پر سنی دیول کی پاکستان کی تعریفیں

خیال رہے کہ پونم کور کا تعلق بھی سکھ برادری سے ہے اور وہ تامل، تیلگو اور پنجابی سمیت ہندی فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔

پونم کور کچھ دن قبل پاکستان آئی تھیں—فوٹو: فیس بک
پونم کور کچھ دن قبل پاکستان آئی تھیں—فوٹو: فیس بک

پونم کور کو ٹولی وڈ یعنی تیلگو اور تامل فلم انڈسٹری کی مقبول اداکارہ کا اعزاز حاصل ہے، رواں برس اپریل میں ان کی ایک آڈیو کلپ لیک ہوئی تھی۔

لیک ہونے والی آڈیو کلپ میں پونم کور نے تیلگو اور تامل فلموں کے سابق ڈائریکٹر اور سیاستدان پون کلیان سمیت دیگر اداکاروں پر استحصال کے الزامات لگائے تھے۔

پونم کور نے دعویٰ کیا تھا کہ پون کلیان سمیت دیگر اداکار و ہدایت کار گزشتہ چند سال سے ان کی زندگی سے کھیلتے آ رہے ہیں اور ان کا استحصال کیا جا رہا ہے۔

آڈیو لیکن ہونے کے بعد انہوں نے تحقیقاتی اداروں میں شکایت درج کروائی تھی اور دعویٰ کیا تھا کہ ان کے مخالفین نے ان کی آڈیو لیک کروائی ہے، تاہم انہوں نے آڈیو میں کہی جانے والی باتوں پر کوئی واضح مؤقف اختیار نہیں کیا تھا اور کہا تھا کہ ان کا استحصال کیا جاتا رہا۔


اپنا تبصرہ لکھیں