کراچی: گھوٹکی میں قاتلانہ حملے میں زخمی صحافی نصراللہ گڈانی دوران علاج دم توڑ گئے

کراچی: گھوٹکی میں قاتلانہ حملے میں زخمی صحافی نصراللہ گڈانی دوران علاج دم توڑ گئے


صوبہ سندھ کے ضلع گھوٹکی کی تحصیل میرپور ماتھیلو میں 3 روز قبل نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے صحافی نصراللہ گڈانی کراچی میں علاج کے دوران دم توڑ گئے۔

صحافی نصراللہ گڈانی پر گھوٹکی کی تحصیل میرپور ماتھیلو میں فائرنگ کی گئی تھی، فائرنگ کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے تھے، انہیں علاج کے لیے کراچی منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئے۔

رپورٹ کے مطابق مقتول صحافی کی میت آبائی علاقے گھوٹکی روانہ کردی گئی ہے، جہاں آج شام نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔

میرپور ماتھیلو میں صحافی کے ورثا اور صحافی برادری سراپا احتجاج ہیں، انہوں نے قومی شاہراہ پر دھرنا دیا اور مظاہرین نے حکومت سے قتل میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

واقعے کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی گئی ہے جبکہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صحافی نصراللہ گڈانی کے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اہلخانہ سے تعزیت کی ہے۔

اپنے ایک جاری بیان میں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ حکومت سندھ نے صحافی کی زندگی بچانے کے لیے ہرممکن کوشش کی۔

سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن اور پاکستان پیپلز پارٹی کی ترجمان شازیہ مری نے بھی مقتول کےاہل خانہ اور صحافی برادری سے ہمدردی کا اظہار کیا۔


اپنا تبصرہ لکھیں