کراچی کے مختلف علاقوں میں آج پھر ہلکی بارش جاری رہی جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں بجلی بھی بند ہوگئی۔
گلشن اقبال، ڈیفنس، ایف بی ایریا، گلستان جوہر، کورنگی اور ناظم آباد کے بعض علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی تاہم بیشتر علاقوں میں حبس برقرار ہے۔
جیو نیوز کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز نے بتایا کہ کراچی کے جنوب مشرق میں کم دباؤ کا سسٹم موجود ہے جس کے باعث شہر قائد میں آج موسم ابرآلود رہے گا اور ہلکی بارش یا بونداباندی جاری رہےگی۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ بارش کا اسپیل آج شام تک ختم ہوجائےگا کیونکہ کل سے مون سون ہواؤں کا رخ پنجاب کی طرف ہوجائےگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی تھی کہ سندھ میں مون سون بارشوں کا سلسلہ 8 جولائی تک رہ سکتا ہے۔