شہر قائد کے مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ غیرمتوقع موسلادھار بارش ہوئی جس سے کئی روز سے کراچی میں جاری گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔
خیال رہے کہ کراچی میں جمعرات سے شدید گرمی کی لہر جاری تھی اور اس دوران پارہ 40 ڈگری سینٹی تک پہنچ گیا تھا۔
تاہم آج دوپہر میں شہر کے مختلف علاقوں میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے کے ساتھ کالی گھٹائیں چھا گئیں اور بارش ہوجانے سے گرمی کے ستائے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔
محکمہ موسمیات نے آج شام اور کل بھی شہر میں ہلکی اور تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
ادھر کے الیکٹرک کے ترجمان عمران رانا نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے مختلف علاقوں سے بارش کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں، بارش کے دوران شہری برقی آلات کے استعمال میں خصوصی احتیاط کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ تیز ہوا اور آندھی چلنے کی صورت میں زیر تعمیر عمارات، بل بورڈز، اسٹریٹ لائٹ کے کھمبوں سے مناسب فاصلہ رکھیں، ساتھ ہی خبردار کیا کہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے سبب حفاظتی اقدامات کے تحت بجلی کی ترسیل میں عارضی تعطل آسکتا ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا تھا کہ شہری ٹوٹے ہوئی تاروں، ٹی وی انٹرنیٹ کیبلز، بجلی کے کھمبوں اور پی ایم ٹیز سے دور رہیں، بارش اور کھڑے پانی میں پانی کی موٹر جیسے برقی آلات کا غیر محفوظ استعمال حادثات کا سبب بن سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کا عملہ صورتحال کا مستقل جائزہ لے رہا ہے اور الرٹ پر ہے، بجلی کی ایمرجنسی شکایت کی صورت میں 118 پر کال کریں۔
ایک روز قبل محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی تھی کہ نئے موسمی نظام کے زیر اثر شہر میں منگل کے روز بادل برسنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا تھا کہ کراچی کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے اور 13 ستمبر (بروز منگل) گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہونے کا امکان ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا تھا کہ نئے موسمی نظام کے باعث سندھ کے شہروں تھرپارکر، عمرکوٹ، بدین، میرپورخاص، ٹنڈو محمد خان، سجاول اور ٹھٹھہ میں بھی بارشیں ہوں گی۔