اسلام آباد: نیپرا نے کراچی کے لیے بجلی کی قیمت میں 4.89 روپے فی یونٹ کمی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا جب کہ ساتھ ہی ملک بھر کے لیے 19 پیسے فی یونٹ اضافی کی منظوری دے دی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق نیپرا نے کے الیکٹرک کے صارفین کے لیے بجلی 4روپے 89 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے مطابق اگست کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کمی کی منظوری دی گئی ہے۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے 29 ستمبر 2022 ء کو ایف سی اے پر عوامی سماعت کی تھی۔ واضح رہے کہ کے الیکٹرک نے 4 روپے 21 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی تھی۔
دریں اثنا نیپرا نے دیگر شہروں کے لیے بجلی 19 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔
اتھارٹی نے ڈسکوز کے اگست کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ اتھارٹی نے 29 ستمبر 2022 ء کو ایف سی اے پر عوامی سماعت کی۔ واضح رہے کہ سی پی پی اے -جی نے 22 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی۔