کراچی کو بلوچستان سے ملانے کیلیے نئے پل کی تعمیر کا منصوبہ


 کراچی: 

 لسبیلہ چیمبر آف کامرس نے کراچی کو بلوچستان سے ملانے والے حب ندی کے پل کی مرمت اور ایک نئے پل کی تعمیر کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔

لسبیلہ چیمبر کے صدر اسماعیل ستار کے مطابق نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے جنرل منیجر بلوچستان ساؤتھ شام سندرنے انہیں ایک اجلاس میں اس اقدام سے متعلق آگاہ کیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ شام سندر کے مطابق این ایچ اے کے چیئرمین نے نئے پل کی جلد تعمیرکے منصوبے کے بارے میں احکامات جاری کردیے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ موجودہ پل کی تعمیر1962میں ہوئی تھی اور یہ ابھی استعمال کے لائق ہے۔اسماعیل ستار نے جنرل منیجر این ایچ اے کو آ گاہ کیا کہ بڑھتے ہوئے بھاری ٹریفک کی وجہ سے یہ پل ناکافی ہوگیا ہے حالیہ بارشوں کی وجہ سے آنے والے سیلابی ریلے سے پل کے ستونوں کے اضافی سپورٹ کو نقصان پہنچا ہے۔

اسماعیل ستار نے کہاکہ پل کے دونوں اطراف سے ریت کی کھدائی کو اگر سختی سے نہ روکا گیا تو پل کو نقصان پہنچنے کا شدید خطرہ ہے۔ انھوں نے بتایا کہ لسبیلہ کا علاقہ، صوبے کا سب سے بڑا باضابطہ صنعتی علاقہ ہے جو صوبے کے ریونیو کا 75فی صد سے زائد ادا کرتا ہے انھوں نے توقع ظاہر کی حکومت این۔52ہائے وے پر واقع اس پل کی مرمت اور نئے پل کی تعمیرکا آغاز بلا تاخیر کرے گی ۔


اپنا تبصرہ لکھیں