کراچی کے علاقے بلال کالونی میں پولیس اور ڈکیتوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں نوجوان شادی شدہ خاتون کے جاں بحق ہونے کے بعد 2 پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق نیو کراچی کے علاقے بلال کالونی میں میں پیر کی رات سناٹا پٹی کے مقام پر پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ ہوا اور فائرنگ کے تبادلے میں 23 سالہ راہگیر خاتون حمیدہ رفیق جاں بحق جبکہ ایک ملزم ابو طالب کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس نے گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک پستول اور ایک موٹر سائیکل بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ نیو کراچی کے سیکٹر ڈی۔5 میں دو ڈاکو شہریوں کو لوٹ رہے تھے، پولیس کو دیکھتے ہی ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی اور فرار ہونے کی کوشش کی، اس موقع پر پولیس نے ان کا پیچھا کیا اور اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک راہگیر خاتون زخمی جبکہ ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا لیکن اس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ خاتون ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوئی۔
تاہم پولیس کے دعوے کے برعکس مقتولہ کے شوہر نے میڈیا سے گفتگو میں دعویٰ کیا کہ ان کی اہلیہ پولیس کی فائرنگ میں ہلاک ہوئی۔
مقامی میڈیا کے مطابق مقتولہ کے شوہر نے کہا کہ وہ مقامی کلینک سے اپنے بچے کا علاج کروا کر گھر واپس جا رہے تھے، اس موقع پر واردات کر کے فرار ہونے والے ڈاکوؤں پر پولیس اہلکار نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں گولی ان کی بیوی کو بھی لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔
شوہر نے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنی بیوی کے ساتھ موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ موٹر سائیکل پر سوار دو مشتبہ اسٹریٹ کرمنلز بھی ان کے پاس سے گزرے اور پولیس نے ان کا پیچھا کیا۔
درخواست گزار نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک گولی ان کی بیوی کی کمر میں لگی اور وہ موٹر سائیکل سے نیچے گر گئی، انہیں ابتدائی طور پر قریبی ہسپتال لے جایا گیا جہاں سے انہیں عباسی شہید ہسپتال ریفر کر دیا گیا اور وہاں سے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر لے جایا گیا جہاں انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔
پولیس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ نیو کراچی میں سناٹا پٹی میں دو ڈاکوؤں نے جنید اور فیضان نامی دو شہریوں سے قیمتی سامان لوٹا تھا، ڈکیتی کا شکار ان دونوں افراد کی نشاندہی پر بلال کالونی پولیس نے ڈاکوؤں کا پیچھا کیا اور فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو ابو طالب کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک راہگیر خاتون زخمی ہوئی جو بعدازاں چل بسی۔
سینٹرل پولیس کے ترجمان نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ خاتون کے شوہر محمد رفیق کی شکایت پر روحان سعید اور علی رضا نامی دو پولیس اہلکاروں کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 319 کے تحت ایف آئی آر درج کر کے دونوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس نے گرفتار ملزم کے خلاف ڈکیتی، انکاؤنٹر اور بغیر لائسنس پستول رکھنے کے الزام میں دو مقدمات بھی درج کر لیے ہیں۔