راولپنڈی: وزیر ریلوے شیخ رشید نےکہا ہےکہ کراچی کے معاملے پر مرکز اور صوبے کو ایک جگہ بٹھانے میں فوج کا بھی بڑا تاریخی کردار ہے۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نےکہا کہ نواز شریف پچھلے 10 ماہ سے سیر و تفریح کر رہے ہیں لیکن واپس نہیں آرہے، انہوں نے نہیں آنا تھا اور آج انہوں نے ثابت کردیا۔
وزیرریلوے نے کہا کہ اے پی سی اور رہبر کمیٹی کی ناکامی کا اعلان کرتا ہوں، یہ عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے، مولانا صاحب جلسہ جلسہ کھیلیں گے اور اپوزیشن کی اے پی سی سے کچھ نہیں ہوگا، عنقریب اپوزیشن کے برے حالات ہوں گے، مریم نواز کی پوری سیاست اس بات پر ہےکہ انہیں لندن جانے دیا جائے۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ کراچی میں وزیراعظم نے وہی کیا جو وزیراعظم کو کرنا چاہیے تھا، مرکز اور صوبے کو مل کر کام کرنا چاہیے، یہ بحث نہیں کرنی چاہیے کہ ایک روپیا کس نے دیا دو روپے کس نے دیے۔
وفاقی وزیر کاکہنا تھا کہ سندھ حکومت کو وہی کرنا چاہیے جو ملک کا تقاضا ہے، کراچی کے معاملے پر فوج نے بڑا کلیدی کردار ادا کیا ہے، کراچی تباہ و برباد تھا مرکز اور صوبے کو ایک جگہ بٹھانے میں فوج کا بھی بڑا تاریخی کردار ہے، اب چھوٹی چھوٹی باتوں کا بہانہ نہیں بنانا چاہیے ۔