کراچی: ٹریفک پولیس حکام نے کمشنر کراچی کو موٹرسائیکل سواروں کو بغیر ہیلمٹ پیٹرول کی فراہمی پر پابندی عائد کرنے کی سفارش کی ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر نے کمشنر کراچی افتخار شلوانی کو خط لکھا ہے کہ ہیلمٹ کی پابندی کیلئے ٹریفک پولیس نے کئی بار مہم چلائی ہے لیکن مہم کے باوجود موٹرسائیکل سوار ہیلمٹ نہیں پہنتے اور ہیلمٹ نہ پہننے سے موٹرسائیکل سوار جان لیوا حادثات کا شکار ہوتے ہیں۔
انہوں نے خط میں سفارش کی ہے کہ موٹرسائیکل سوار کو بغیر ہیلمٹ پیٹرول نہ دیاجائے۔
خط میں خلاف ورزی کرنے والے پمپ مالکان کیخلاف کارروائی کی سفارش کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس سے متعلق نوٹیفکیشن کمشنر کراچی جاری کریں۔
یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے ہیلمٹ نہ پہننے والے موٹرسائیکل سواروں کو پیٹرول فراہم نہ کرنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد پورے صوبے میں پابندی پر سختی سے عمل کرایا جارہا ہے۔
جسٹس علی اکبر قریشی نے اپنے حکم میں کہا تھا کہ بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سوار کو پیٹرول فراہم کرنے والے پمپ کو سیل کردیا جائے اور عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے پمپس کیخلاف کارروائی کی جائے۔