کراچی:
صنعتی شعبے نے کراچی میں کرونا وائرس کی تشخیص پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے ایرانی سرحد احتیاط تدبیر کے طور پر بند کرنے اورعارضی طور پر زمینی، فضائی رابطے جزوی طورپربند کرنےکی تجویز دیتے ہوئے سندھ میں طبی ایمرجنسی نافذ کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔
فیڈرل بی ایریا ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر عبداللہ عابد نے کہا کہ سندھ میں اس مہلک وائرس کی نشاندہی کے بعد متعلقہ اداروں اور حکومت کی ذمہ داری بڑھ گئی ہے۔ انہوں حکومت پر زور دیا کہ وہ کروناوائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے فوری طور پر صوبے میں طبی ایمرجنسی نافذ کرے جب کہ وائرس کی تشخیص کے لیے ایئرپورٹ، صوبہ سندھ کے داخلی و خارجی راستوں پر کورینٹائن کیمپ قائم کیے جائیں جس کے عملے کو جدید آلات سے لیس کیا جائے تاکہ وائرس کی تشخیص میں کسی قسم کی کوتاہی سرزد نہ ہوسکے اور عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جاسکے۔