کراچی میں موسمیاتی تبدیلی کے باعث نزلہ، زکام اور نمونیہ میں اضافہ

کراچی میں موسمیاتی تبدیلی کے باعث نزلہ، زکام اور نمونیہ میں اضافہ


صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں موسم تبدیل ہوتے ہی مختلف بیماریوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، اس وقت بچوں کے ساتھ ساتھ زائد العمر افراد بھی موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہوکر بیمار ہونے لگے ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق صوبائی دارالحکومت کے مختلف ہسپتالوں میں نزلہ، زکام، کھانسی اور نمونیہ کے کیسز میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور یومیہ درجنوں مریض چیک اپ کے لیے آ رہے ہیں۔

ماہرین صحت نے موسمیاتی تبدیلی کے باعث والدین کو احتیاطی تدابیر اختیار کنے اور بچوں کو انفلوئنزا ویکسین لگوانے کی تجاویز دی ہیں۔

کراچی کے دیگر ہسپتالوں کی طرح سول ہسپتال کی آئوٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ (او پی ڈی) میں بھی سرد موسم سے متاثر ہوکر آنے والے بچوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

ہسپتال انتطامیہ کے مطابق او پی ڈی میں آنے والے زیادہ تر بچے نزلہ، زکام، کھانسی، نمونیہ اور سانس لینے میں مشکلات جیسے مسائل میں مبتلا ہیں۔

طبی ماہرین نے والدین کو ٹھنڈ میں ہونے والی موسمی بیماریوں سے نمٹنے کے لیے احتیاتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ماہرین صحت کے مطابق والدین کو بچوں کی ہائی جین غذا کا خیال رکھنا چاہیے جب کہ انفلوئنزا ویکسین بھی بروقت لگوانی چاہیے۔

دوسری جانب نیشنل انسٹیٹیوٹ آف چلڈرن ہیلتھ (این آئی سی ایچ) میں بھی دو روز سے بیمار ہوکر آنے والے بچوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں