کراچی میں سارا دن گھومتے رہے لیکن وفاقی حکومت کہیں نظر نہیں آئی: شہباز شریف


مسلم لیگ ن کےصدر اورقائد حزب اختلاف شہباز شریف کاکہنا ہےکہ اپوزيشن اور مودی کو ایک پیج پر وہ شخص کہہ رہاہےکہ جوکہتا تھاکہ مودی کوفون کررہاہوں لیکن وہ فون نہیں اٹھارہا،مودی جیت گیا تو مسئلہ کشمیرحل ہوجائےگا۔

 کراچی سے لاہور پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) سے متعلق الزام لگا کر زیادتی کی،اپوزیشن نے ایوان میں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر سب سے زیادہ شور مچایا تھا۔

‘کراچی میں وفاقی حکومت کہیں نظر نہیں آئی’

شہباز شریف کاکہنا تھاکہ کا کام تھاکہ بارشوں نےکراچی میں خاصی تباہی مچائی ہے، وزیراعظم کاکام تھاکہ وہ اس وقت کراچی میں بیٹھتے اور سندھ حکومت کےساتھ امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کرتے، سندھ حکومت اپنے طورپرکوشش کررہی ہےلیکن وفاق کی جانب سے صرف لفاظی کی گئی،ہم کل کراچی میں سارا دن گھومتے رہے لیکن وفاقی حکومت کہیں نظر نہیں آئی۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ ہم مہنگائی اور  عوامی مسائل کی بات کرتے ہیں تو ہمیں کہا جاتا ہے کہ ہم این آر او مانگتے ہیں، اگر نواز شریف وزیراعظم ہوتے تو وہ کراچی میں ڈیرے لگائے ہوتے لیکن عمران خان ابھی تک کراچی نہیں گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے معاملے میں عدالت کا حکم سر آنکھوں پرلیکن ہم عدالتوں سے بھاگے کب ہیں، جب ڈاکٹر اجازت دیں گے تو وہ عدالت کے سامنے پیش ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی کابینہ کے لوگ کرپشن میں مبتلا ہیں اور خود کو دودھ کا دھلا کہتے ہیں،نواز شریف،میں، مریم اور حمزہ نے خود کو احتساب کے لیے پیش کیا تو حکومتی عہدیداروں کو ایسا کرنا چاہیے۔

شہباز شریف کا مزیدکہنا تھا کہ میں نے کراچی میں آصف زرداری کی عیادت کی اور وہاں کچھ سیاسی باتیں بھی ہوئی ہیں،آج رہبر کمیٹی کا اجلاس ہو رہا ہے جس میں اے پی سی کا ایجنڈا طے کیا جائے گا،اس کے وقت کا تعین تمام جماعتیں کریں گی۔


اپنا تبصرہ لکھیں