کراچی میں تیزی سے ایچ آئی وی پھیلنے کا انکشاف

کراچی میں تیزی سے ایچ آئی وی پھیلنے کا انکشاف


ایچ آئی وی اور ایڈرز کی روک تھام کے اقوام متحدہ (یو این) کے ذیلی ادارے ‘یو این ایڈز’ کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کا شمار ملک کے ان شہروں میں ہوتا ہے، جہاں ایچ آئی وی تیزی سے پھیل رہا ہے۔

کراچی میں ایچ آئی وی کے روک تھام کے لیے کراچی میونسپل کارپوریشن (کے ایم سی) اور ‘یو این ایڈز’ کے درمیان معاہدہ ہوا، جس کے تحت سال 2030 تک کراچی سے ایچ آئی وی کا مکمل خاتمہ کرلیا جائے گا۔

مذکورہ معاہدے کے وقت وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے اور معاہدے پر ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے دستخط کیے۔

معاہدہ ہونے کے بعد یو این ایڈز کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق پاکستان کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے، جہاں ایچ آئی وی تیزی سے پھیل رہا اور یہاں پرانداز اس کے 2 لاکھ 10 ہزار مریض ہیں، جن میں سے 43 فیصد کا تعلق صوبہ سندھ سے ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے اسی حوالے سے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ معاہدے کے بعد کراچی دنیا کے ان 350 شہروں میں شامل ہوگیا، جنہوں نے عالمی ادارے کے ساتھ 2030 تک ایچ آئی وی کے مکمل خاتمے کے دستخط کیے ہیں۔

ان کی جانب سے جاری کیے بیان میں بتایا گیا کہ معاہدے کے بعد کراچی ایچ آئی وی کے خاتمے کے لیے فاسٹ ٹریک پروگرام کا حصہ بن چکا ہے اور یہاں سے آنے والے 8 سال میں مذکورہ وائرس کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔

ان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ سندھ میں ایچ آئی وی وائرس کے شکار مریضوں کی تعداد 19 ہزار سے زائد ہے۔

اسی حوالے سے انگریزی اخبار ‘دی نیوز’ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ معاہدے کی تقریب کے دوران بتایا گیا کہ اس وقت ملک میں کراچی ایچ آئی وی کا نیا گڑھ ہے، جہاں مختلف وجوہات کی وجہ سے موذی وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ شہر میں سرنج کے ذریعے نشہ استعمال کرنے والے افراد تیزی سے ایچ آئی وی کا نشانہ بن رہے ہیں جب کہ اس وائرس سے خواجہ سرا افراد اور ہم جنس پرست مرد بھی بہت بڑی تعداد میں نشانہ بن رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق شہر میں غیر محفوظ خون کی ترسیل اور تبادلے کے علاوہ ایک ہی سرنج کو بار بار استعمال کرنے سے بھی ایچ آئی وی پھیل رہا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں