کراچی میں بارش کے بعد سرجانی ٹاؤن میں بدترین صورتحال، 200 خاندان نقل مکانی کر گئے


کراچی میں بارش کے بعد سرجانی ٹاؤن کی صورت حال انتہائی خراب ہو گئی جس کے باعث 200 خاندان محفوظ علاقوں کی جانب نقل مکانی کر گئے۔

کراچی میں مون سون کی بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، ضلع وسطی سمیت شہر کے پہلے سے زیر آب علاقوں کی صورتحال مزید خراب ہو گئی۔

نیو کراچی سیکٹر فائیو ای میں نالے ابلنے سے پانی سڑکوں، گلی اور گھروں میں داخل ہو گیا۔

علاقے میں تجاوزات کی وجہ سے نالوں کی صفائی نہیں ہو سکی جس کے سبب حیدری مارکیٹ کا نالا بھی ابل گیا، جس کے نتیجے میں ناگن چورنگی سے سہراب گوٹھ جانے والی سڑک پر بھی برساتی پانی کھڑا ہے۔

ضلع وسطی کے کئی علاقوں سے پانی اب تک نکالا نہ جا سکا اور متعدد علاقوں میں بجلی بندش کی بھی شکایات ہیں۔

سرجانی ٹاؤن میں یوسف گوٹھ، بسمہ ٹاؤن، سیکٹر فور بی سمیت قریبی علاقوں میں اربن فلڈینگ کے باعث لوگ نقل مقانی کرنے پر مجبور ہیں، رینجرز اور ایدھی کے رضاکاروں نے ٹرکوں اور کشتیوں کی مدد سے 200 سے زائد خاندانوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔

بارش اور سیوریج کا پانی عائشہ منزل، واٹر پمپ، انچولی، لنڈی کوتل چورنگی، نیا ناظم آباد، ملیر اور لانڈھی کے مختلف علاقوں میں بھی تاحال موجود ہے۔

کورنگی کاز وے ٹریفک کے لیے بند ہے، گجر نالے میں ڈوبنے والے دو افراد میں سے ایک کو زندہ بچا لیا جب کہ دوسرے کی لاش نکال لی گئی ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کراچی میں بدھ تک تیز بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ظاہر کر دیا۔


اپنا تبصرہ لکھیں