کراچی میراتھن: کن کیٹیگریز میں کون فاتح؟

کراچی میراتھن: کن کیٹیگریز میں کون فاتح؟


عالمی ایتھلیٹکس فیڈریشن سے منظور شدہ پہلی میراتھن کراچی میں منعقد ہوئی جس کی مختلف کیٹیگریز میں مرد، خواتین اور بچوں سمیت غیرملکی کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی۔

42.2 کلومیٹر پر مشتمل فل میراتھن سہیل عامر نے جیت لی جنہوں نے فاصلہ 2 گھنٹے 36 منٹ اور 9 سیکنڈز میں طے کیا جبکہ اسرار خٹک دوسرے اور عامر عباس تیسرے نمبر پر رہے۔

خواتین کی فل میراتھن میں ماہ نور سب سے آگے رہیں۔

21.1 کلومیٹر کی ہاف میراتھن حفیظ البرکات نے جیت لی، انہوں نے فاصلہ 1 گھنٹہ 17 منٹ اور 12 سیکنڈز میں طے کیا جبکہ ہاف میراتھن میں اکرم دوسرے اور ظاہر شاہ تیسرے نمبر پر رہے۔

علاوہ ازیں 5 کلو میٹر کی فن ریس میں 169 خواتین اور 471 مرد شریک ہوئے۔

میراتھن جیتنے پر 5 لاکھ روپے انعام

پاکستان کی پہلی میراتھن میں خواتین، مرد، بچے اور غیرملکی افراد بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئے اور میراتھن جیتنے والے کو 5 لاکھ روپے کا انعام دیا گیا۔

پہلی کراچی میراتھن کا سی ویو پر نشانِ پاکستان سے صبح 7 بجے آغاز ہوا تھا۔

فل میراتھن میں 5 کلو میٹر کی فن ریس اور ریلے ریس بھی آج کے ایونٹ کا حصہ تھی۔

پاکستان کا پہلا اسپورٹس چینل جیو سوپر لمحہ بہ لمحہ رنرز کے ساتھ موجود رہا اور کراچی میراتھن کو جیو سوپر پر براہ راست نشر کیا گیا۔

اس سے قبل میراتھن کے لیے چھٹی کے دن ٹھنڈے موسم میں صبح سویرے سی ویو پہنچ کر دوڑ کے شرکاء نے خون گرمایا۔

اس موقع پر مرد و خواتین نے ہلکی پھلکی ورزش اور وارم اپ کیا جہاں بچے بھی پیش پیش دکھائی دیے۔

خواتین کی ہراسمنٹ کیخلاف بائیکاتھون ریلی

دوسری جانب ملک میں خواتین کی اسٹریٹ ہراسمنٹ کے خلاف بائیکاتھون سائیکل ریلی کا بھی انعقاد کیا گیا تھا جس میں 120 سائیکلسٹ نے حصہ لیا۔

بائیکاتھون میٹروپول ہوٹل سے شروع ہو کر باغ ابن قاسم پر ختم ہوئی۔


اپنا تبصرہ لکھیں