پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے وار جاری ہیں اور یومیہ کیسز کی مثبت شرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں 7.78 فیصد تک پہنچ گئی جبکہ ملک کا سب سے بڑا شہر کراچی مسلسل تیسرے روز سب سے زیادہ متاثر شہر رہا۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کراچی میں کورونا وائرس کیسز کی مثبت شرح 21.80 فیصد رہی جو ملک میں سب سے زیادہ تھی۔
کراچی کے بعد سندھ کا دوسرا بڑا شہر حیدرآباد 19.03 فیصد کے ساتھ دوسرے جبکہ آزاد کشمیر کے علاقہ میرپور 13.16 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا جبکہ روالپنڈی میں یہ شرح 13.03 فیصد رہی۔
این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں ملک میں اس وقت 2 ہزار 498 کووڈ مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے اور اس میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔
صوبوں اور علاقوں میں مثبت شرح کو دیکھیں تو سندھ میں سب سے زیادہ 13.1فیصد رہی، جس کے بعد خیبرپختونخوا میں 10.6 فیصد، آزاد کشمیر میں 9.8 فیصد، بلوچستان میں 6.5 فیصد، اسلام آباد میں 6.3 فیصد، پنجاب میں 3.9 فیصد اور گلگت بلتستان میں 3.7 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
سندھ
کراچی: 21.80 فیصد
حیدرآباد: 19.03 فیصد
پنجاب
راولپنڈی: 13.03 فیصد
فیصل آباد: 3.15 فیصد
ملتان: 2.01 فیصد
خیبرپختونخوا
پشاور:13.02 فیصد
سوات: 4.23 فیصد
ایبٹ آباد: 11.82فیصد
بلوچستان
کوئٹہ: 4.15 فیصد
اسلام آباد
آئی سی ٹی: 6.28 فیصد
گلگت بلتستان
گلگت: 2.94 فیصد
آزاد کشمیر
میرپور: 13.16فیصد
مظفر آباد: 5.45 فیصد
اموات کا تناسب
موجودہ اموات کی شرح: عالمی سطح پر 2.28 فیصد کے مقابلے میں 2 فیصد
ملک میں مجموعی 8 ہزار 547 اموات میں سے 71 فیصد مرد ہیں جبکہ کل اموات میں سے 76 فیصد کی عمر 50 سال سے زائد ہے۔
این سی او سی جی جانب سے بتایا گیا کہ سب سے اہم بات یہ کہ 72 فیصد کو کرونک کوموربیٹیس تھے جس کا مطلب ہے کہ دیگر بیماریوں کا شکار افراد کے متاثر ہونے کا زیادہ امکان ہے۔
اس کے علاوہ 91 فیصد لوگوں کی اموات ہسپتال میں ہوئیں جبکہ 58 فیصد ہسپتال میں موجود مریض وینٹیلیٹر پر رہے۔
علاوہ ازیں این سی او سی نے بتایا کہ ملک بھر میں کورونا کے 348 مریض اس وقت وینٹی لیٹرز پر موجود ہیں۔
یاد رہے کہ ملک میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 26ہزار 142 ہے جس میں سے 3 لاکھ 72 ہزار 271 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 8 ہزار 547 تک پہنچ گئی ہے۔
کورونا وائرس کے اعداد و شمار سے متعلق سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 38 ہزار 92 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 2 ہزار 963 میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔
اس کے علاوہ مزید 60 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ ایک ہزار 797 افراد ایسے تھے جو شفایاب ہوئے، جس کے بعد مجموعی طور پر فعال کیسز 45ہزار 324 ہوگئے۔