کراچی: شاہ فیصل کالونی میں زیر تعمیر عمارت گرنے سے 5 افراد جاں بحق

کراچی: شاہ فیصل کالونی میں زیر تعمیر عمارت گرنے سے 5 افراد جاں بحق


کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں قادری مسجد کے زیر تعمیر عمارت گرنے سے 5 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔

شاہ فیصل کالونی پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او ثاقب خان نے بتایا کہ مزدور زیر تعمیر عمارت کی آر سی سی چھت ڈالنے کے عمل میں مصروف تھے اور اسی دوران عمارت گرگئی۔

ان کا کہنا تھا کہ 40 گز کا کارنر پلاٹ شاہ فیصل کالونی نمبر 5 میں واقع ہے جہاں گراؤنڈ فلور پہلے ہی خراب حالت میں تعمیر ہوچکا تھا اور اب فرسٹ اور سیکنڈ فلور تعمیر کیا جا رہا تھا۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ بظاہر سلیب سے بنائی گئی پرانی چھت مزید دو فلورز کا وزن برداشت نہیں کر سکی اور اسی وجہ سے گر گئی۔

پولیس نے بتایا کہ ابتدائی طور پر ایک راہ گیر ٹھیلے والا موقع پر ہیجاں بحق ہوگیا تھا اور 4 مزدوروں کو زخمی حالت میں نکالا گیا تھا۔

ایس ایچ او نے کہا کہ مشینری کی مدد سے ملبہ ہٹایا گیا اور وہاں سے مزید 4 لاشیں نکال لی گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مکان مالک کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا، جس کی وجہ سے انسانی جانیں گئیں اور لوگ زخمی بھی ہوئے۔

اس سے قبل ایدھی ریسکیو نے کہا تھا کہ تین منزلہ عمارت کے ملبے سے ایک اور لاش برآمد ہوئی جس سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد تین ہوگئی ہے۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ ایک شہری کی لاش اور ایک زخمی کو جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا ہے۔

کورنگی پولیس نے بتایا تھا کہ منہدم ہونے والی عمارت زیر تعمیر تھی، پولیس اور ریسکیو حکام جائے حادثہ پر پہنچ گئے ہیں۔

بیان مزید بتایا گیا تھا کہ عمارت میں 8 مزدور کام کر رہے تھے جن میں سے ریسکیو کیے گئے چار افراد معمولی زخمی ہوئے اور انہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ عمارت گرنے سے قریب میں موجود ایک اسٹال چلانے والا شہری جاں بحق ہوگیا۔


اپنا تبصرہ لکھیں