کراچی سے لاہور جانے والی قراقرم ایکسپریس حادثے کا شکار ہو گئی۔
ترجمان ریلوے کے مطابق قراقرم ٹرین کا پورا انجن اور پاور پلانٹ کے دو پہیے صفدرآباد اسٹیشن کے قریب پٹری سے اتر گئے۔
ترجمان کا بتانا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں قراقرم ٹرین کے تمام مسافر محفوظ رہے تاہم لاہور فیصل آباد سیکشن پر ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہو گئی ہے۔
ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ امدادی ٹرین اور انجن کو موقع پر روانہ کر دیا گیا ہے، دوپہر بارہ بجے تک قراقرم ٹرین منزل کی طرف روانہ کر دی جائے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیزگام ایکسپریس رحیم یار خان میں حادثے کا شکار ہوئی تھی، لیاقت پور کے قریب ٹرین میں آتشزدگی کے باعث 75 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔
وزیراعظم عمران خان اور وزیر ریلوے شیخ رشید نے واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دیا تھا جس کی ابتدائی رپورٹ سامنے آنے کے بعد ریلوے کے کچھ ملازمین کو ملازمت برطرف کر دیا گیا تھا۔