کراچی: سپریم کورٹ نے کڈنی ہل پارک کو مکمل طور پر بحال کرانے کا حکم دے دیا۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں کڈنی ہل پارک کی زمین پر غیر قانونی قبضے کے معاملے کی بھی سماعت ہوئی۔
کمشنر کراچی نے بتایا کہ ہم نے تمام زمین پر قائم قبضے ختم کرا دیے اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ کمشنر کراچی صاحب، ایسا نہیں، قبضے اب بھی ہیں۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کڈنی ہل کی 62 ایکڑ زمین کراچی والوں کو مل گئی؟عدالت کو دوران سماعت خاتون شہری نے بتایا کہ یہ زمین مجموعی 85 ایکڑ زمین ہے جس پر ایک اسکول کا قبضہ بھی ہے۔
میئر کراچی نے عدالت کو بتایا کہ کڈنی ہل کی زمین 62 ایکڑ ہے، عدالت نے میئر کو ہدایت دی کہ کل تک رپورٹ دیں کتنی زمین ہے اور کتنی واگزار کرائی؟ اورقبضہ ہے تو آج ہی ختم کرائیں اس کی رپورٹ بھی کل تک دیں۔
عدالت نے کڈنی ہل پارک کو مکمل طور پر بحال کرنے کا حکم دیتے ہوئے میئر کراچی کو تجاوزات فوری ختم کرانے کے بھی احکامات دیے۔
عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ پارک میں قائم غیر قانونی قبضے ختم کرائیں اور جو جو جہاں بھی غیر قانونی قبضہ کرے گا سب گرے گا۔