کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں تقریباً 25گھنٹے کے وقفے کے بعد سی این جی اسٹیشنز کو ایک مرتبہ پھر 12گھنٹے کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
کراچی میں رواں سال ماہ دسمبر میں سی این جی کا حصول شہریوں کے لیے ایک بڑا لمحہ فکریہ بن گیا ہے جہاں حکومت کی جانب سے اعلان کردہ شیڈول کے برخلاف غیرمعینہ مدت تک کے لیے سی این جی اسٹیشنز کو بند کردیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: حکومت کا آئندہ ہفتے صنعتوں کیلئے گیس سپلائی بحال کرنے کا فیصلہ
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پریشر کی کمی کے سبب سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی روک دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے انتظامیہ کی جانب سے سی این جی اسٹیشنز کو 6دن تک گیس فراہم نہیں کی گئی تھی جس سے شہریوں کو شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
سی این جی کی عدم دستیابی کے سبب شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر تھی اور شہریوں کو نقل و حرکت کے ساتھ ساتھ دفاتر آنے اور جانے میں بھی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
6دن کے وقفے کے بعد جمعہ کی رات 10بجے اچانک سی این جی اسٹیشنز کھول دیے گئے تھے جس کے بعد شہریوں نے گھنٹوں قطاروں میں لگ کر اپنی گاڑیوں میں سی این جی بھروائی تھی۔
6دن بعد کھلنے والی سی این جی شہریوں کو ایک دن بھی مکمل دستیاب نہ ہو سکی اور 12 گھنٹے بعد صبح 6بجے سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی دوبارہ بند کردی گئی تھی جس پر شہریوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا تھا۔
اتوار کو صبح 7بجے انتظامیہ کی جانب سے سی این جی اسٹیشنز ایک مرتبہ پھر 12گھنٹے کے لیے کھول دیے گئے اور شام 7بجے ایک مرتبہ پھر انہیں بند کردیا جائے گا، یہی وجہ ہے کہ چھٹی کا دن ہونے کے باوجود صبح سے ہی سی این جی اسٹیشنز پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی ہوئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں سی این جی کی فراہمی کب بحال ہوگی؟
ایک شہری نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجبوراً صبح جلدی اٹھ کر آئے ہیں کیونکہ پہلے بھی کھلی تھی تو نمبر آنے سے پہلے بند ہوگئی تھی اور اب بھی خوف ہے کبھی بھی بند ہوجائے گی لہٰذا جلدی اٹھ کر گیس ڈلوانے آئے ہیں۔
سندھ میں گیس کے بڑے ذخائر کے باوجود مستقل بحران پر شہریوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سی این جی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے اور گیس کی بندش کا پرانا شیڈول بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
موجودہ بحران اور بڑھتی ہوئی مانگ کے سبب سوئی سدرن گیس کمپنی اگلے ہفتے سردیوں کے لیے گیس لوڈ مینجمنٹ پلان کا اعلان کرسکتی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ چند دنوں کے دوران سی این جی ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹیڈ کے حکام سے متعدد ملاقاتیں کیں جس میں سی این جی کی بندش کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا گیا۔
ملاقات کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ ہفتے باقاعدہ شیڈول جاری کیا جائے جس کے تحت سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی مستقل بنیادوں پر یقینی بنائی جائے گی۔