کراچی میں سال نو کے موقع پر ہوائی فائرنگ کے واقعات میں 14 افراد زخمی ہوگئے جب کہ گارڈن پولیس نے ہوائی فائرنگ کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔
جیونیوز کے مطابق سال نو پر شہر قائد میں ہوائی فائرنگ سے زخمی ہونے والوں میں 3 خواتین اور ایک کمسن بچی بھی شامل ہے۔
صدر ہندو پاڑہ میں ہوائی فائرنگ سے راہول، لائنز ایریا میں نعمان، اورنگی ٹاؤن میں شکیل الرحمان، پیرآباد قصبہ کالونی میں مطیع اللہ، ڈیفنس فیز 7 میں امجد، ایف سی ایریا میں عظیم ، بلدیہ سوات کالونی میں حسنین،گلبرگ میں عامر اور کلفٹن میں عبداللہ شاہ غازی کے مزارکے قریب حامد نامی شہری زخمی ہوا جب کہ ایف بی ایریا میں دربار سلطانی کے قریب فائرنگ سے 22 سالہ نعمان زخمی ہوا۔
اس کے علاوہ یوسف پلازہ میں ہوائی فائرنگ سے 22 سالہ اریبہ زخمی ہوئی، گلشن اقبال بلاک 4 میں ہوائی فائرنگ کی زد میں آکر 12 سالہ بچی امہ بنیم زخمی ہوگئی جب کہ بفرزون سیکٹر 16 اے میں 18 سالہ حنا چہرے پر گولی لگنے سے زخمی ہوگئی، زخمیوں کو جناح،سول اور عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
گارڈن میں پولیس نے ہوائی فائرنگ کرنے والے شہری مناظر کو اسلحہ سمیت گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔
گارڈن جیلانی مسجد کے قریب نئے سال کی خوشی میں آتش بازی کے دوران کار میں آگ لگ گئی جس سے کار مکمل طور پر جل گئی، فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔
دوسری جانب گلشن اقبال میں پولیس نے لوٹ مار کرنے والے 2 اسٹیٹ کرمنلز نبیل اور فہد کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا۔