کراچی: رضوان اور بابر سے ملنے کیلئے گراؤنڈ میں داخل ہونے والے مداحوں کی ضمانت منظور

کراچی: رضوان اور بابر سے ملنے کیلئے گراؤنڈ میں داخل ہونے والے مداحوں کی ضمانت منظور


کراچی کی مقامی عدالت نے نیشنل اسٹیڈیم میں میچ کے دوران بابر اور رضوان سے ملنے کے لیے گراؤنڈ میں داخل ہونے والے دو مداحوں کی ضمانت منظور کرلی۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کراچی میں ہونے والے دوسرے ون ڈے میچ کے دوران نیشنل اسٹیڈیم میں دو مداح محمد عباس خان اور جاوید خان اکاخیل کرکٹ اسٹارز محمد رضوان اور بابر اعظم سے ملنے میدان میں داخل ہوگئے جس پر سیکیورٹی اہلکاروں نے دونوں کو گرفتار کرلیا تھا۔

دونوں مداحوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بعد پولیس نے گرفتار مداحوں کو عدالت میں پیش کیا جہاں عدالت نے دونوں مداحوں کی 30، 30 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

گرفتار مداحوں نے کمرہ عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’محمد رضوان سے محبت ہے، ان سے ملنے کے لیے باؤنڈری کے اندر گئے اور رضوان کی محبت میں ہتھکڑیاں لگ گئی ہیں۔‘

مداحوں نے کہا کہ ہم سے غلطی ہوگئی ہم نے قانون توڑا تھا، رہائی کے بعد فائنل میچ دیکھنے بھی جائیں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرے ون ڈے میچ کے دوران نیشنل اسٹیڈیم میں دو مداح گراؤنڈ میں داخل ہوگئے اور محمد رضوان کی طرف دوڑنے لگے جس پر سیکیورٹی اہلکاروں نے انہیں گرفتار کرلیا تھا۔

پولیس نے گراؤنڈ میں داخل ہونے والے دونوں تماشائیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی تھی۔

دونوں ملزمان کو عزیز بھٹی پولیس کی تحویل میں رکھا گیا تھا۔


اپنا تبصرہ لکھیں