کراچی ایئرپورٹ سے 7 نادر سکے اسمگل کرنے کی کوشش ناکام


 کراچی: 

پاکستان کسٹمز جناح ٹرمینل کلکٹریٹ کراچی نے مختلف کامیاب کاروائیوں میں7نادر سکوں سمیت 5کروڑ روپے مالیت کی اشیاء اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔ڈپٹی کلکٹر کسٹمز کراچی ایئرپورٹ انعام وزیر نے ایکسپریس کو بتایاکہ کسٹمز حکام کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر پاکستان سے بیرون ملک بھجوائے جانے والے پارسلوں کی ایگزامنیشن سخت کی جس کی بدولت پارسل کے ذریعے شارجہ بھیجے جانے والے7قیمتی نادر سکوں کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی گئی۔

انعام وزیر نے بتایاکہ محکمہ کسٹمز نے ان نادر سکوں کو نوادرات ہونے کی تصدیق کرانے کے لیے محکمہ آثار قدیمہ بھجوایا جس پر محکمہ آثار قدیمہ نے بھی سکوں کے “نوادرات” ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ اسی طرح کسٹمز کلکٹریٹ نے ہانگ کانگ بھیجے جانے والے ایک اور پارسل میں سائیکٹو پروک کی300نشہ آور ٹیبلٹس بھی برآمد کی ہیں۔

بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی منظم جانچ پڑتال کی بدولت دبئی سے آنےوالے مسافروں سے 10ہزار میموری کارڈز، قیمتی موبائل فونز، قیمتی پتھر اورمصنوعی زیورات برآمد کیے گئے ہیں۔ کسٹم حکام نے مقدمات درج کرکےتمام برآمد اشیاء کو ضبط کرلیا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں