اداکار و گلوکار یورگک ٹیپو شریف کی جانب سے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں انتظامیہ کی جانب سے آوارہ کتوں کو مارے جانے پر انتظامیہ کے اہلکاروں کو گالیاں دینے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے۔
اداکار نے گزشتہ شب فیس بک پر مختصر لائیو ویڈیو چلائی، جس میں انہیں کراچی کی انتظامیہ کی جانب سے مارے گئے پالتو کتوں کی موت پر نہ صرف روتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے بلکہ انہیں غصے میں انتظامیہ کے اہلکاروں کو گالیاں بھی دیتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔
ٹیپو شریف انتظامیہ کی جانب سے زہر دے کر مارے گئے ان کتوں کی موت پر روتے اور برہم دکھائی دیے، جن کتوں کی انہوں نے کچھ عرصہ قبل دیکھ بحال شروع کی تھی۔
کراچی کے پرتعیش علاقے کلفٹن میں رہنے والے اداکار ٹیپو شریف نے جن گلی کے آوارہ کتوں کی دیکھ بحال شروع کی تھی، انہیں انتظامیہ کی ٹیم نے گزشتہ شب آپریشن کے دوران زہر دیا تھا۔
سندھ حکومت اور کراچی کی شہری حکومت کی انتظامیہ سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر گزشتہ دو سال سے گلی کے آوارہ کتوں کو مارنے کا آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔
اب تک درجنوں آوارہ کتوں کو مارا جا چکا ہے اور گزشتہ شب بھی انتظامیہ کے آپریشن کے دوران درجنوں کتوں کو مارا گیا اور مارے گئے کتوں میں وہ بھی شامل تھے جن کی کچھ عرصہ قبل ہی ٹیپو شریف دیکھ بحال شروع کی تھی۔
تاہم ممکنہ طور پر اداکار کی حفاظت میں لیے گئے کتے جب گھر سے نکل کر گلی میں آئے تو انتظامیہ کی جانب سے پھینکی گئی زہر کھا کر مرگئے، جس پر اداکار نہ صرف جذباتی دکھائی دیے بلکہ انہوں نے کتوں کو مارنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے لائیو ویڈیو میں انتظامیہ کو گالیاں بھی دیں۔
دس منٹ سے کم دورانیے کی ویڈیو میں ٹیپو شاہ کو مارے گئے آوارہ کتوں کی موت پر دھاڑے مار کر روتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے اور ساتھ ہی ان کی جانب سے انتظامیہ کو گالیاں دیتے ہوئے بھی سنا جا سکتا ہے۔
اداکار کی جانب سے انتظامیہ کو غلیظ گالیاں دیے جانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
بعد ازاں اداکار نے ایک اور ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں وہ مرے ہوئے کتوں کو گاڑی میں ڈال کر لے جاتے دکھائی دیے۔
مذکورہ ویڈیو میں اداکار نے کہا کہ بیہمانہ انداز میں جانوروں کو مارنے والے مسلمانوں کے لیے خدا نے الگ سے خصوصی جہنم بنا رکھی ہوگی، جس میں ایسے ظالموں کو ڈالا جائے گا۔
خیال رہے کہ کراچی کی شہری انتطامیہ 2019 سے سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر آوارہ کتوں کو مارے جانے کا آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔
عدالت نے صوبے میں کتوں کے کاٹے جانے کی ویکسین دستیاب نہ ہونے کی ایک درخواست کے بعد کراچی کے تمام ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز (ڈی ایم سی ایز) کو آوارہ کتوں کو مارنے کا حکم دیا تھا۔
سندھ حکومت نے عدالتی احکامات کے بعد صوبے کے دیگر شہروں میں بھی آوارہ کتوں کو مارے جانے کا آپریشن شروع کیا تھا۔
سندھ بھر میں یومیہ آوارہ کتوں کے کاٹے جانے پر درجنوں افراد ہسپتال آتے ہیں اور بعض مرتبہ ویکسین کی عدم دستیابی پر کچھ افراد زندگی سے بھی ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔