کراچی میں ایک نوجوان باکسر ٹرائلز دینے کے دوران حریف باکسر کا گردن پر پنچ لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔
باکسنگ رنگ میں گرنے والا 20 سالہ طاہر علی خان بروقت آکسیجن اور بروقت طبی امداد نہ ملنے کے سبب انتقال کر گیا، مقامی اسپتال پہنچائے جانے پر ڈاکٹروں نے باکسر کی موت کی تصدیق کی۔
نوجوان باکسر جمعرات سے پیپلز اسپورٹس کمپلیکس کے باکسنگ اسٹیڈیم میں شروع ہونے والے یوم پاکستان کراچی ڈویژن باکسنگ ٹورنامنٹ کے لیے ٹرائلز دے رہا تھا، ڈسٹرکٹ کیماڑی باکسنگ ایسوسی ایشن کے تحت ٹرائلز بے نظیر شہید باکسنگ کلب کیماڑی میں ہو رہے تھے، 54 کلو گرام ویٹ کے بینٹم ویٹ کے باکسرطاہر علی جان کا تعلق نادربلوچ باکسنگ کلب فقیر کالونی سے تھا۔
ٹرائلز کے وقت پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے نائب صدر اصغر بلوچ اور دیگر بھی موجود تھے۔
دریں اثناء مرحوم باکسر کو مرشد قبرستان مواچھ گوٹھ میں سپرد خاک کر دیا گیا، طاہر جان فرید کالونی اورنگی ٹاون 10 نمبر کا رہائشی تھا۔
واضح رہے چند ماہ قبل بھی ایک باکسر دوران مقابلہ جاں بحق ہوگیا تھا۔