لاہور: کبڈی فیڈریشن نے اگلے ماہ ایران اور سری لنکا کی ٹیموں کو دورہ پاکستان کی دعوت دے دی۔
سیکریٹری کبڈی فیڈریشن رانا محمد سرور کے مطابق ایران اور سری لنکا سے بات چیت اگلے ہفتے تک فائنل ہو جائے گی، اس بار اسلام آباد میں ان کی رہائش اور ٹریننگ کا انتظٓام کیا جا رہا ہے۔
ایشین گیمز کی تیاریوں کے لیے پاکستان سپورٹس بورڈ کی طرف سے پاکستانی ٹیم کا کیمپ ان دنوں اسلام آباد میں جاری ہے جس میں 25 لڑکے شریک ہیں، سری لنکا اور ایران کو بلانے کا مقصد مشترکہ ٹریننگ اور میچز ہیں، جس سے تیاری کا بھرپور موقع ملے گا۔
چودھری سرور نے واضح کیا کہ ڈوپ ٹیسٹ سرکل اسٹائل کبڈی کھلاڑیوں کے پازٹیو آئے ہیں، ایشین اسٹائل کی ٹیم سے اس کا کوئی تعلق نہیں، ڈوپنگ معاملے کی انکوائری کے لیے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے کمیٹی بنا دی ہے، وہ ہی کھلاڑیوں کے مستقبل کا فیصلہ کرے گی۔