افریقی ملک کانگو میں ایبولا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 2 ہزار تک جا پہنچی۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق کانگو حکومت نے ایبولا وائرس سے 2 ہزار افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے جب کہ محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہےکہ وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے کوششیں کی گئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایبولا وائرس سے متاثرہ بارڈر پار کرکے یوگنڈا جانے والی 9 سالہ لڑکی بھی ہلاک ہوگئی، متاثرہ لڑکی اپنی ماں کے ساتھ یوگنڈا پہنچی تھی جہاں حکام نے اسے فوری عام شہریوں سے علیحدہ کرکے علاج کے لیے ایبولا یونٹ منتقل کیا تھا تاہم لڑکی دوران علاج دم توڑ گئی۔
عالمی ادارہ صحت نے کانگو میں ایبولا وائرس سے ہلاکتوں کو دنیا کا پیچیدہ ترین انسانی بحران قرار دیا ہے۔
کانگو کے سرکاری حکام کے مطابق ملک کے مشرقی حصے میں وائرس کا یہ دوسرا بڑا حملہ ہے جس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 3 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
محکمہ صحت کے حکام این جی اوز کے ساتھ مل کر ایسے لوگوں کی ویکسی نیشن کررہے ہیں جن کے وائرس سے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے تاہم حکام کا کہنا ہےکہ وائرس کو فوری طور پر قابو کرنا انتہائی مشکل ہوگیاہے۔