بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں کانگریس کی جانب سے نکالی گئی ریلی میں ایک سیاسی رہنما کی زبان ہی پھسل گئی اور انہوں نے فرط جذبات میں پریانکا گاندھی کو پریانکا چوپڑا بنا ڈالا۔
کانگریس پارٹی کے سابق ایم ایل اے سریندر کمار نے ریلی میں غلطی سے پریانکا چوپڑا کا نعرہ لگا دیا جو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو گیا ہے۔
سریندر کمار نے ریلی میں کانگریس پارٹی کی لیڈر پریانکا گاندھی کے نعرے کے جگہ غلطی سے ’پریانکا چوپڑا زندہ باد‘ کا نعرہ لگایا تھا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کانگریس کے سابق ایم ایل اے سریندر کمار نے سب سے پہلے ’سونیا گاندھی زندہ باد‘ کا نعرہ لگایا، پھر انہوں نے ’کانگریس پارٹی زندہ باد‘ ’راہول گاندھی زندہ باد‘ اور آخر میں ’پریانکا چوپڑا زندہ باد‘ کا نعرہ لگایا۔
زبان پھسل جانے کے فوراً بعد ہی کانگریس رہنما نے معافی مانگتے ہوئے اپنی غلطی کو ٹھیک کیا اور ’پریانکا گاندھی زندہ باد‘ کا نعرہ لگایا۔
سوشل میڈیا پر صارفین نے اس ویڈیو کو خوب شیئر کیا اور چند ہی گھنٹوں میں اس وائرل ویڈیو پر دلچسپ تبصروں کا تانتا بندھ گیا۔
ٹوئٹر پر ایک صارف نے ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے خود بھی پریانکا چوپڑا زندہ باد کا نعرہ لگایا۔
ایک صارف نےلکھا کہ ’میں اپنی ہنسی نہیں روک پا رہا‘
ایک اور ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ ’ایسا لگ رہا ہے کہ یہ بھی پریانکا چوپڑا کے مداح ہیں‘
ایک دوسرے صارف نے لکھا کہ ’آخر کار پریانکا چوپڑا نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی‘
ٹوئٹر پر پریانکا چوپڑا کے اس ٹرینڈ نے سب کو تذبذب کا شکار کر دیا کیونکہ آج کے دن اداکارہ پریانکا چوپڑا کی شادی کی پہلی شادی کی سالگرہ ہے۔
زیادہ تر لوگ ٹاپ ٹرینڈ کی وجہ یہی سمجھ رہے تھے کہ آج ان کی شادی کی سالگرہ کی وجہ سے پریانکا چوپڑا ٹاپ ٹرینڈ پر ہیں۔