کامران ٹیسوری فنکاروں کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں: سلیم آفریدی

کامران ٹیسوری فنکاروں کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں: سلیم آفریدی


معروف فنکار اور کامیڈین سلیم آفریدی نے کہا ہے کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری جیسے عوامی رہنما کراچی کی فنکار برادری کے مسائل کو نہ صرف سمجھتے ہیں بلکہ انہیں حل کرنے کے لیے بھی دن رات کوشاں رہتے ہیں۔

سلیم آفریدی نے اپنے کامیاب اسٹیج پروگرام کے اختتام کے بعد جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بات کہی۔

ایف ایم ڈبلیو گیارہ سے عوام میں مقبول سلیم آفریدی  نے نمائندہ جنگ کو بتایا کہ انہوں نے اپنی بیٹی کی شادی کی خوشی میں آرٹس کونسل میں ایک اسٹیج شو پیش کیا جس میں کراچی کے معروف ترین فنکاروں نے شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ اس کے لیے وہ آرٹس کونسل کے صدر احمد شاہ کے شکر گزار ہیں جن کی کوششوں سے یہ پروگرام منعقد ہو سکا جبکہ گورنر سندھ نے پروگرام کی کامیابی پر اور ان کی صاحبزادی کی شادی کے حوالے سے خصوصی پیغام بھی بھیجا جس پر وہ گورنر سندھ کے بھی شکر گزار ہیں۔

سلیم آفریدی نے کہا ہے کہ کراچی کے اسٹیج فنکاروں کو بہت سے معاشی مسائل درپیش ہیں جس کے لیے گورنر سندھ سے گزارش کی ہے کہ وہ ان کی ملازمت اور فلاح و بہبود کے لیے کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ وہ عنقریب گورنر سندھ سے ملاقات کر کے فنکاروں کے مسائل سے بھی انہیں آگاہ کریں گے۔

اس موقع پر سلیم آفریدی نے معروف سماجی کارکن جے ڈی سی کے سربراہ ظفر عباس کی بھی تعریف کی جو ہمیشہ کراچی کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے سرکرداں نظر آتے ہیں۔

سلیم آفریدی نے کہا کہ جب بھی ضرورت پڑی وہ ظفر عباس کے ساتھ شانے سے شانہ مل کر خدمات انجام دینے میں پیچھے نہیں رہیں گے۔


اپنا تبصرہ لکھیں