کاشانہ اسکینڈل: افشاں لطیف نے سی ایم آئی ٹی رپورٹ مسترد کردی


یتیم اور بے سہارا بچیوں کے مرکز کاشانہ کی سابق سپرنٹنڈنٹ افشاں لطیف نے چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم (سی ایم آئی ٹی) کی رپورٹ مسترد کردی۔

لاہورکے علاقے ٹاؤن شپ میں واقع یتیم اور بے سہارا بچیوں کے مرکز کاشانہ کی سابق سپرنٹنڈنٹ افشاں لطیف نے کچھ عرصہ قبل الزام عائد کیا تھا کہ کاشانہ میں کم عمرلڑکیوں کی زبردستی شادیاں کرائی جاتی ہیں اور صوبائی وزیر اجمل چیمہ بھی بچیوں سے ملتے تھے جس میں سابق سپرنٹنڈنٹ بھی ملوث تھی۔

تاہم اب انسپیکشن ٹیم نے رپورٹ میں افشاں لطیف کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیاہے۔

انسپیکشن ٹیم کے چیئرمین ڈاکٹر راحیل صدیقی کا کہنا ہے کہ تحقیقات میں بچیوں سے زیادتی یا انہیں کہیں بھجوانے کے ثبوت نہیں ملے اور اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو رپورٹ سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

سابق سپرنٹنڈنٹ افشاں لطیف نے سی ایم آئی ٹی کی رپورٹ مسترد کردی اور ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ اب بھی سی ایم آئی ٹی نے ہی رپورٹ تیار کی ہے جس کے وزیر اجمل چیمہ ہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کےلیے رپورٹ نئی نہیں، اسی رپورٹ کی بنیاد پر ڈاکٹر پرویز احمد کو عہدے سے برطرف کیا گیا، یہ معاملہ اب دفن نہیں ہوگا، حکومت کو ثبوت اور دلائل کے ساتھ اپنی بات ثابت کرنا ہوگی کیوں کہ حکومت کے مقابلے پر کوئی کمزور عورت اور بچیاں نہیں ہیں۔

خیال رہے کہ افشاں لطیف نے اس حوالے سے لاہور ہائیکورٹ سے بھی رجوع کر رکھا ہے اور اپنی درخواست میں معاملے کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کی استدعا کی ہے۔

افشاں لطیف کے الزامات کو چیئرمین پنجاب بیت المال ملک اعظم اور اجمل چیمہ نے اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کا ڈرامہ قرار دیا تھا جبکہ سابقہ سپرنٹنڈنٹ نے بھی اِن الزامات کی تردید کی تھی۔


اپنا تبصرہ لکھیں