کار سرکار میں مداخلت کا مقدمہ: عمران خان کی ضمانت کنفرم

کار سرکار میں مداخلت کا مقدمہ: عمران خان کی ضمانت کنفرم


لاہور ہائی کورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی زمان پارک کے باہر کارسرکار میں مداخلت کے مقدمے میں عبوری ضمانت کنفرم کردی۔

جسٹس امجد رفیق نے 5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت کنفرم کی، بانی پی ٹی آئی کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے۔

اس موقع پر جسٹس امجد رفیق نے ریمارکس دیے کہ بانی پی ٹی آئی اس وقت جیل میں سزا یافتہ قیدی ہیں، جیل میں سزا یافتہ قیدی کی عبوری ضمانت ملزم کے پیش ہوئے بغیر بھی سنی جاسکتی ہے۔

واضح رہے کہ ضمانتیں کنفرم یا ضمانت میں توثیق کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ اس کیس میں اب مستقل بنیادوں پر ان کی ضمانت ہو چکی ہے اور انہیں اب اس کیس میں گرفتار نہیں کیا جاسکتا، تاہم پراسیکیوشن اس فیصلے کو چیلنج کر سکتی ہے، جس کے بعد عدالت چاہے تو ضمانت مسترد کرسکتی ہے۔

یاد رہے کہ عمران خان پر وارنٹ گرفتاری کی تعمیل میں رکاوٹ ڈالنے اور پولیس پارٹی پر تھانہ ریس کورس میں مقدمہ درج ہے، بانی پی ٹی آئی نے جولائی 2023 میں ہائی کورٹ سے براہ راست عبوری ضمانت حاصل کی تھی۔


اپنا تبصرہ لکھیں