گزشتہ دنوں بالی ووڈ اداکارہ کاجول نے سوشل میڈیا سے بریک لینے سے متعلق اعلان کیا تھا جس کی حقیقت سامنے آ گئی ہے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ کاجول نے ایک پوسٹ کے کیپشن میں بتایا تھا کہ وہ سوشل میڈیا سے بریک لے رہی ہیں جبکہ وال پیپر پر مبنی پوسٹ پر لکھا تھا کہ ’مجھے زندگی کی مشکل ترین آزمائش کا سامنا ہے‘۔
کاجول نے یہ اعلان کرتے ہوئے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے تمام تصاویر بھی ہٹا دی تھیں جس کے بعد اُن کے مداحوں اور چاہنے والوں میں کھلبلی مچ گئی تھی، کاجول کے مداح کمنٹ باکس میں اُن کے لیے کافی پریشان بھی نظر آئے۔
کاجول کی جانب سے کی جانے والی جذباتی پوسٹ کی اب حقیقت سامنے آ گئی ہے۔
کاجول کے انسٹاگرا پر پوسٹ کی گئی سب ہی پرانی تصویریں واپس آ گئی ہیں اور وہ معمول کے مطابق پوسٹنگ بھی کر رہی ہیں۔
اداکارہ کی نئی پوسٹ کے مطابق انہوں نے سوشل میڈیا سے بریک لینے اور خود کو مشکل میں گھرے ہونے کا اعلان اپنے نئے پروجیکٹ کی پروموشن کے لیے کیا تھا۔
کاجول کا ’دی ٹرائل‘ کے نام سے نیا ڈرامہ آرہا ہے جس کا آج او ٹی ٹی پلیٹ فارم ڈزنی پر ٹریلر جاری کیا جائے گا۔
اپنے اس پروجیکٹ کی تشہیر کے لیے ہی کاجول نے گزشتہ دنوں مداحوں سے سوشل میڈیا سے بریک لینے سے متعلق جھوٹ بولا تھا۔
کاجول کی نئی پوسٹ نے انسٹاگرام صارفین کو حیرت اور غصے میں مبتلا کر دیا ہے۔
کاجول نے اپنے اس پروجیکٹ کی پروموشن کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ہے کہ آزمائش جتنی سخت ہوگی، اتنا ہی مشکل آپ کا واپس آنا ہوگا، میرے کورٹ روم ڈرامہ ’دی ٹرائل‘ کا ٹریلر آج جاری کیا جائے گا۔
اداکارہ کاجول کی نئی پوسٹ کے کمنٹ باکس میں اُن کے مداح ایک پروجیکٹ کی تشہیر کے لیے جھوٹ بولنے اور انسٹاگرام پر اس کی تشہیر کے لیے جذباتی پوسٹ کرنے پر اداکارہ کو سخت تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
