کابل: پولیس ہیڈکوارٹر کے باہر خودکش حملے میں 18 افراد ہلاک، 100 سے زائد زخمی


افغان دارالحکومت کابل میں پولیس ہیڈ کوارٹر کے باہر خودکش حملے میں 18 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔

افغان میڈیا کے مطابق بدھ کی صبح ضلع پولیس میں پولیس ہیڈ کوارٹر کے باہر کار سوار خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

افغان وزارت داخلہ نے خودکش حملے کے نتیجے میں 18 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے جب کہ حملے میں خواتین اور بچوں سمیت 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہےکہ دھماکے کے بعد علاقے میں فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں جب کہ دھماکے سے قریب موجود رہائشی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

افغان وزات داخلہ کے ترجمان نے بتایا کہ دھماکا اس وقت ہوا جب ایک گاڑی کو پولیس ہیڈ کوارٹر کے باہر واقع چیک پوائنٹ پر روکا گیا۔

افغان وزارت صحت کا کہنا ہےکہ دھماکے میں خواتین اور بچوں سمیت زیادہ تر عام شہری زخمی ہوئے جنہیں مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق دھماکے کے وقت علاقے میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی، دھماکے کے بعد پورے علاقے میں دھوئیں کے بادل چھا گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبان نے خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ حملے میں متعدد پولیس اور فوجی اہلکار بھی ہلاک ہوئے۔

غیر ملکی میڈیا کاکہناہےکہ دھماکے سے ایک رات پہلے سیکیورٹی فورسز نے رات گئے کابل میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر کارروائی کی جس میں 2 عسکریت پسند ہلاک ہوئے اور سیکیورٹی فورسز کے تین اہلکار بھی مارے گئے جب کہ عسکریت پسندوں کے ٹھکانے سے بم بنانے کے سامان سمیت بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔


اپنا تبصرہ لکھیں