’ڈیڈ پول‘ تھری بنائے جانے کی تصدیق


سائنس فکشن سپر ہیرو فلموں اور خاص طور پر ’ڈیڈ پول‘ جیسے مزاحیہ سپر ہیرو کے شائقین کے لیے خوشخبری ہے کہ اس کامیاب سیریز کی تیسری فلم کو جلد ریلیز کردیا جائے گا۔

’ڈیڈ پول‘ سیریز کی آخری فلم کو 2018 میں ریلیز کیا گیا تھا جس نے باکس آفس پر ریکارڈ کمائی کرتے ہوئے سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ’آر ریٹڈ‘ فلموں کی فہرست میں جگہ بنالی تھی۔

’ڈیڈ پول‘ سیریز کی پہلی فلم 2016 میں سامنے آئی تھی، تاہم ڈیڈ پول کے کردار کو اس سے قبل بھی سائنس فکشن فلموں میں دکھایا جاتا رہا۔

ڈیڈ پول کی پہلی فلم نے بھی شاندار کمائی کی تھی اور یہ فلم رواں برس تک ’آر ریٹڈ‘ میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بھی تھی، تاہم رواں برس ریلیز ہونے والی فلم ’جوکر‘ نے اس کا ریکارڈ توڑ دیا۔

یہ بھی پڑھیں: ڈیڈ پول کے خطرناک کردار
’آر ریٹڈ‘ ایسی فلمیں ہوتی ہیں جنہیں چند پابندیوں کے تحت ریلیز کیا جاتا ہے اور ایسی فلمیں خطرناک مناظر کی وجہ سے نابالغ افراد کے لیے ممنوع ہوتی ہیں۔

جوش برولن نے دوسری فلم میں ولن کا کردار ادا کیا تھا—اسکرین شاٹ
’ڈیڈ پول‘ کی پہلی فلم نے ایک ارب ڈالر کے قریب کمائی کی تھی جب کہ اس سیریز کی دوسری فلم ’ڈیڈ پول 2‘ نے بھی 800 کروڑ ڈالر تک کی کمائی کی تھی۔

دونوں فلموں کی شاندار کامیابی کے بعد اس سیریز کی تیسری فلم کی چہ مگوئیاں تھیں اور خیال کیا جا رہا تھا کہ تیسری فلم کی شوٹنگ 2019 کے وسط تک شروع کردی جائے گی۔

تاہم اس حوالے سے فلم کے اداکاروں اور ٹیم نے کوئی وضاحت نہیں کی تھی لیکن اب فلم کے مرکزی ہیرو ریان ریونلڈس نے تصدیق کی ہے کہ سیریز کی تیسری فلم پر کام جاری ہے۔

ڈیڈ پول کا کردار ادا کرنے والے ریان ریونلڈس نے ایک ٹی وی شو میں انٹرویو کے دوران اس بات کی تصدیق کی کہ وہ اپنی پرانی ٹیم کے ساتھ سیریز کی تیسری فلم پر کام کر رہے ہیں۔

ریان ریونلڈس نے فلم کی کاسٹ اور کہانی سے متعلق کچھ نہیں بتایا، تاہم اس بات کی تصدیق کی کہ ان کے ساتھ پوری ٹیم کام کر رہی ہے۔

ریان ریونلڈس نے یہ بھی واضح کردیا کہ نئی فلم کو والٹ ڈزنی کے مارول اسٹوڈیو کے تحت ریلیز کیا جائے گا کیوں کہ وہ اس وقت مارول میں ہی فلم کا کام کر رہے ہیں۔

اس فلم کی پروڈکشن کے حوالے سے بھی بہت زیادہ چہ مگوئیاں تھیں کیوں کہ اس سیریز کی پہلی دونوں فلمیں ’فاکس اسٹوڈیو‘ کے تحت بنائی گئی تھیں جسے بعد ازاں والٹ ڈزنی نے خرید لیا تھا۔

یہ واضح نہیں تھا کہ ڈیڈ پول کی تیسری فلم کو کس پروڈکشن ہاؤس کے تحت ریلیز کیا جائے گا، تاہم ریان ریونلڈس نے تصدیق کی ہے کہ تیسری فلم کو مارول اسٹوڈیو کے تحت ریلیز کیا جائے گا۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ تیسری فلم میں بھی جوش برولن ولن کے روپ میں دکھائی دیں گے جنہوں نے دوسری فلم میں ہیرو کو ٹف ٹائم دیا تھا۔

دوسری فلم کی ہدایات ڈیوڈ لیچ نے دی تھیں، تاہم تیسری فلم کے ہدایت کار کے حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ 2020 کے پہلی سہ ماہی میں ’ڈیڈ پول تھری‘ کی مزید کاسٹ اور ہدایت کار کا نام سامنے آجائے گا اور ممکنہ طور پر فلم کو سال کے آخر یا پھر 2021 کے آغاز میں ریلیز کردیا جائے گا۔

ریان ریونلڈس ہی ڈیڈ پول بنتے دکھائی دیں گے—اسکرین شاٹ
Facebook Count


اپنا تبصرہ لکھیں