ڈیلس میں شیش کیفے کی سالگرہ، عمران عزیز میاں قوال نے سحزدہ کردیا، قوال پر ڈالروں کی برسات ۔


ڈیلس : رپورٹ راجہ زاہد اختر خانزادہ ) ڈیلس میں شیش کیفے کی سالگرہ کے موقع پر پاکستان کے معروف قوال، عزیز میاں کے صاحبزادے عمران عزیز میاں نے شاندار پرفارمنس پیش کر کے حاضرین کو صوفی اور رومانی موسیقی کے رنگ میں رنگ دیا۔ حاضرین نے ان کی پرفارمنس کو بے حد سراہا اور ان پر ڈالروں کی برسات کر دی، جس سے پورا اسٹیج ڈالروں سے بھر گیا۔ عمران عزیز میاں نے اس موقع پر حبا انٹرٹینمنٹ کے روح رواں، ناصر صدیقی کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

یہ قوالی کی محفل شیش کیفے کی بزنس سالگرہ کے موقع پر خصوصی طور پر سجائی گئی تھی، جس میں شہر کی معزز شخصیات نے بھی شرکت کی اور رات گئے تک اس روحانی اور دلکش محفل کا لطف اٹھایا۔ عمران عزیز میاں نے اپنی مسحور کن آواز سے حاضرین کو جادوئی کیفیت میں مبتلا کر دیا، جبکہ سازندوں نے بھی بھرپور پرفارمنس دی۔

اس موقع پر عزیز میاں کی مشہور قوالیاں، جیسے “تیری صورت”، “مجھے آزمانے والے”، “میں شرابی شرابی”، “اللہ ہی جانے کون بشر ہے”، اور “نبی نبی یا نبی” پیش کی گئیں، جن پر حاضرین نے ہزاروں ڈالر نچھاور کیے۔ قوالی کے اس پروگرام میں ہر عمر کے افراد نے شرکت کی اور خوب محظوظ ہوئے۔

پروگرام کے اختتام پر، عمران عزیز میاں قوال اور حبا انٹرٹینمنٹ کے روح رواں ناصر صدیقی اور ان کے ترجمان کمال صدیقی نے جاگو ٹائمز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عنقریب عمران عزیز میاں یورپ، امریکہ، اور کینیڈا سمیت کئی شہروں میں قوالی نائٹ کے پروگرام منعقد کرنے جا رہے ہیں، جن میں آرگینک قوالیاں پیش کی جائیں گی۔

پروگرام کے آخر میں حاضرین کے لیے قرعہ اندازی کے ذریعے انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔


اپنا تبصرہ لکھیں